2023 کے دوران انڈپینڈنٹ اردو کی 10 مقبول ترین خبریں

ہم سال کے اختتام پر آپ کے لیے ایسی ہی 10 خبریں لے کر آئے ہیں۔ ان پر ایک نظر دوڑانے سے آپ کو نہ صرف ہماری کوریج کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی، بلکہ اس سے آپ کو دنیا بھر میں اور خاص طور پاکستان میں ہونے والے واقعات اور رحجانات سے بھی آگاہی حاصل ہو جائے گی

ملالہ یوسف زئی 12 مارچ، 2023 کو ہالی وڈ، کیلیفورنیا میں 95 ویں سالانہ اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کر رہی ہیں (مائیک کوپولا/اے ایف پی)95 ویں سالانہ اکیڈمی ایوارڈز میں ایکٹیوسٹ اور فلم پروڈیوسر ملالہ یوسفزئی چاندی کی طرح چمک رہی ہیں (اے ایف پی)

2023 کے دوران انڈپینڈنٹ اردو نے سیاست، کھیل، شو بز، معیشت، سائنس، صحت، ٹیکنالوجی، قدرتی آفات، حادثات اور ان جیسے درجنوں موضوعات پر ہزاروں خبریں، تجزیے، کالم، بلاگ اور فیچر شائع کیے ہیں۔

ان میں سے 10 کون سی ایسی خبریں تھیں جنہیں شائع کر کے ہمیں بھی اچھا لگا اور جنہیں آپ نے بھی بےحد سراہا؟

ہم سال کے اختتام پر آپ کے لیے ایسی ہی 10 خبریں لے کر آئے ہیں۔ ان پر ایک نظر دوڑانے سے آپ کو نہ صرف ہماری کوریج کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی، بلکہ اس سے آپ کو دنیا بھر میں اور خاص طور پاکستان میں ہونے والے واقعات اور رحجانات سے بھی آگاہی حاصل ہو جائے گی۔

تو لیجیے انڈپینڈنٹ اردو کی سال کی 10 اہم ترین خبروں کی فہرست بغیر کسی خاص ترتیب کے پیشِ خدمت ہے:

1. آسکر تقریب: ملالہ کے لباس کے علاوہ کرارے جواب کے چرچے

اس سال مارچ میں آسکر ایوارڈ کی تقریب کے دوران میزبان جمی کمل نے ملالہ یوسف زئی سے اچانک ایک سوال پوچھ لیا، جس کا ملالہ نے ایسا کرارا جواب دیا کہ اس کی گونج دنیا بھر میں سنائی دی اور جب ہم نے یہ خبر شائع کی تو اسے آپ نے بھرپور پذیرائی سے نوازا۔

2. نو گز لمبی قبروں میں کون دفن ہیں؟

پاکستان کے تقریباً ہر شہر میں نو گزے بابے کی قبریں موجود ہیں۔ یہ بابے کون ہیں اور کیا واقعی ان کا قد 27 فٹ تھا؟ اس سوال کا جائزہ لیا ہے قیصر عباس صابر نے۔

3. کیا پاکستان کے شہری مسجدِ اقصیٰ جا سکتے ہیں؟

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جب فلسطین کو تقسیم کرتے ہوئے یہاں فلسطین کے ساتھ ایک یہودی ریاست کے قیام کی قرارداد منظور کی تو اسی قرارداد میں یہ اصول طے کیا کہ بیت المقدس (یروشلم) کسی بھی ریاست کا حصہ نہیں ہو گا۔ اس کی بین الاقوامی حیثیت ہو گی اور یہ اقوام متحدہ کے انتظام میں دیا جائے گا۔

تو پھر اگر کسی کو مسجدِ اقصیٰ جانا ہو تو اسے اسرائیل کا ویزا کیوں لینا ضروری ہے؟ اس سوال پر ہمارے کالم نگار آصف محمود نے بین الاقوامی قانون کی مدد سے روشنی ڈالی ہے۔

4. گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والے گروہ کیسے کام کرتے ہیں؟

ہمارے ملک میں گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری نئی بات نہیں بلکہ ایک لمبے عرصے سے ایسے گروہ کام کر رہے ہیں۔ یہ پکڑے بھی جاتے ہیں لیکن یہ کام پھر بھی چلتا آ رہا ہے۔ لیکن اس سال اس گھناونے کاروبار میں خاصی گرمی دیکھنے میں آئی۔ لیکن یہ گروہ کام کیسے کرتے ہیں، اس کا جواب دیا ہے لاہور سے ہماری نامہ نگار فاطمہ علی نے۔

5. ساہیوال: تین جڑواں بھائیوں کا ایک ہی میڈیکل کالج میں داخلہ

ویسے تو ہم سب جانتے ہیں کہ ہمارے نوجوان کتنے ہونہار ہیں، لیکن اس سال پنجاب کے سب سے مشہور اور بڑے طبی ادارے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی میں تین جڑواں بھائیوں نے ایک ساتھ میڈیکل کے پہلے سال میں داخلہ لے کر ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ دلچسپ کہانی ہمارے لیے لاہور سے نامہ نگار ارشد چوہدری لے کر آئے۔

6. افغان باشندوں کی واپسی: کیا گھروں کے کرایوں پر اثر پڑے گا؟

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سال پاکستان کی نگران حکومت نے فیصلہ کیا کہ وہ افغان پناہ گزین جن کے پاس دستاویزات نہیں ہیں وہ ملک چھوڑ دیں۔ اس سے ایک بحران تو پیدا ہوا لیکن ساتھ ہی ایک خیال یہ بھی پیدا ہوا کہ لاکھوں لوگوں کے جانے سے گھروں کے کرائے کم ہوں گے یا نہیں۔ یہ خبر پشاور سے ہمارے نامہ نگار اظہار اللہ نے رپورٹ کی تھی۔

7. پاکستانی خاتون فٹ بالر ماریہ خان کی ڈائریکٹ فری کک کے چرچے

جنوری 2023 میں سعودی عرب میں ہونے والے خواتین کے چار ملکی ٹورنامنٹ کے اختتامی میچ میں پاکستان اور سعودی عرب کا میچ تو ڈرا ہو گیا مگر سوشل میڈیا پر پاکستانی خاتون فٹ بالر ماریہ خان نے ایک ایسی شاندار فری کک لگائی جس نے لوگوں کو بیکم کی یاد دلا دی۔

8. سعودی عرب میں دو ہزار سال قدیم خاتون کے چہرے کی نمائش

پاکستانی قارئین قدیم تاریخ سے خاص شغف رکھتے ہیں اور ساتھ ہی انہیں سعودی عرب سے آنے والی خبروں میں بھی خاص دلچسپی ہوتی ہے۔ اس لیے اس سال فروری میں جب ان دونوں شعبوں کا ملاپ ہوا، یعنی سعودی عرب کی قدیم تاریخ کے بارے میں خبر آئی تو وہ بہت شوق سے پڑھی اور شیئر کی گئی۔

9. سائنسدانوں نے ’معجزاتی مادہ‘ دریافت کرلیا جو دنیا ’بدل‘ سکتا ہے

ہم سب کو نئی نئی ایجادات میں بےحد دلچسپی ہوتی ہے۔ اس لیے جب ہم نے مارچ میں ایک ایسے نئے مادے کے بارے میں خبر چھاپی جس کے بارے میں سائنس دانوں نے کہا کہ یہ ایک ایسی پیش رفت ہے جس کے لیے سائنس دان ایک صدی سے زیادہ عرصے سے کوشش کر رہے تھے، تو لوگوں نے اس خبر کو بہت ذوق و شوق سے پڑھا۔

10. ٹیکسٹائل ویسٹ سے بنی اشیا برآمد کرکے ڈالر کمانے والی خاتون

ہم سب کو ایسی کہانیاں اچھی لگتی ہیں جن میں کسی انسان نے مشکل حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہو اور اس میں کامیابی حاصل کی ہو۔ اس لیے فیصل آباد کی ٹیکسٹائل گریجویٹ مہوش عظیم کی شروع کردہ ایک کمپنی کی خبر، جسے نعیم احمد نے رپورٹ کیا تھا، قارئین میں خاصی پذیرائی حاصل کی۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی میگزین