پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کاکول فوجی تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی تربیت سے ٹیم میں اتحاد کی فضا بہتر ہوئی ہے۔
گذشتہ ماہ سابق کپتان شاہین شاہد آفریدی کی جگہ بابراعظم کو کپتان بنانے پر ٹیم میں اختلافات کی اطلاعات سامنے آئیں۔ پاکستان کی نو تشکیل شدہ سلیکشن کمیٹی نے گذشتہ اتوار کو آفریدی کی جگہ بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔
شاہین آفریدی کو جنوری میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 4-1 سے شکست کے بعد کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا اور ان کی قیادت میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لگاتار دو ٹرافی جیتنے والی لاہور قلندرز نے رواں سال پی ایس ایل ایڈیشن میں آخری پوزیشن حاصل کی۔
قومی ٹیم 26 مارچ سے آٹھ اپریل تک کاکول میں پاکستان فوج کے زیر اہتمام فٹنس کیمپ میں حصہ لے رہی ہے، جس دوران مقامی ذرائع ابلاغ نے بابر اعظم اور شاہین آفریدی کے درمیان کشیدگی کی خبریں دیں ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی پیر کو کاکول میں فٹنس کیمپ پہنچے، جہاں انہوں نے آفریدی، بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
مبینہ طور پر اس ملاقات کا مقصد کھلاڑیوں میں اختلافات ختم کروانا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے شیئر کیے گئے ویڈیو پیغام میں بابر اعظم نے کہا کہ ’اس بار ہماری توجہ فزیکل فٹنس سے بڑھ کر ٹیم کو متحد کرنے والی سرگرمیوں اور کارکردگی کو بہتر بنانے والے لیکچرز پر مرکوز رہی۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’دیگر کیمپوں اور بین الاقوامی سیریز کے دوران معمول کے برعکس، ہم اعتماد سازی کی مشقوں اور ٹیم سازی کی سرگرمیوں میں مشغول رہے۔‘
’قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہم نے کمرے شیئر کیے جس سے کھلاڑیوں کے درمیان گہرے روابط پیدا ہوئے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستانی کپتان نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں ایک جگہ ہونے سے کھلاڑیوں کو سٹریٹیجک منصوبہ بندی اور ٹیم کمبینیشن پر تبادلہ خیال کرنے میں مدد ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں نے کرکٹ کے کھیل میں جدید ترین طریقوں کے بارے میں بھی بات کی اور اپنے مخالفین کا تجزیہ کیا۔
بابر اعظم کے مطابق: ’آئندہ کرکٹ میچوں کے پیش نظر یہ کیمپ غیر معمولی طور پر قابل قدر ثابت ہوا ہے۔ اس سے نہ صرف انجری کے خطرات کم ہوئے بلکہ انفرادی صلاحیتوں اور اجتماعی ٹیم کی کارکردگی دونوں میں اضافے کا سبب بنا۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔