نیشنل بینک سٹیڈیم کے نئے پویلین کا افتتاح، مزدور بدھ کا میچ مفت دیکھیں گے

پی سی بی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ جدید ترین پویلین سٹیڈیم کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا اور پاکستان میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے پی سی بی کے عزم کو تقویت دے گا۔

کراچی میں نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم کا ایک منظر (پاکستان کرکٹ ٹیم / فیس بک)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  کے چیئرمین محسن نقوی نے منگل کو کراچی میں نیشنل بینک سٹیڈیم کے یونیورسٹی روڈ اینڈ پر نئے پویلین کا افتتاح کر دیا جہاں بدھ کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی سیریز کا تیسرا میچ کھیلا جائے گا۔

نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو میں حصہ لینے والے کارکنوں کے اعزاز میں کراچی میں ہونے والی تقریب سے خطاب میں محسن نقوی نے کل (بدھ) کو ہونے والے میچ کے لیے مزدوروں کو مفت ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے تھے کہ سٹیڈیم کی تعمیر نو ممکن نہیں لیکن کارکنوں نے سٹیڈیم کی تعمیر کے لیے دن رات کام کیا۔

سٹیڈیم کا نظارہ لاہور سے بہت بہتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے اصل ہیرو مزدور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک سٹیڈیم کو قذافی سٹیڈیم سے اچھا بنایا گیا ہے۔ سٹیڈیم کی پارکنگ کے لیے سندھ حکومت اور مقامی حکومت نے بہت تعاون کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ٹیم پر اعتماد ہے۔ ایک آدھ میچ کی ہار پر ٹیم سے ناراض نہیں ہونا چاہیے۔ کرکٹ بورڈ کو ٹیم کے کپتان رضوان اور سلیکشن کمیٹی پر پورا اعتماد ہے۔ اپنی ٹیم پر اعتماد کریں۔ اسے حوصلہ دیں۔ ٹیم نے پہلے بھی اچھے نتائج دیے۔ آئندہ بھی دے گی۔‘

پی سی بی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ جدید ترین پویلین سٹیڈیم کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا اور پاکستان میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے پی سی بی کے عزم کو تقویت دے گا۔

نئے تعمیر شدہ پویلین میں کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کے لیے عالمی معیار کے ڈریسنگ رومز موجود ہیں جن کے ساتھ اعلیٰ درجے کی مہمان نوازی کے لیے کمرے بھی شامل ہیں۔ تقریباً چار ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی یہ سہولت سٹیڈیم کی تیز رفتار بہتری کے پیچھے موجود عزم اور کارکردگی کو اجاگر کرتی ہے۔

نئے پویلین کے ساتھ ساتھ نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیل اور دیکھنے کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم اپگریڈز بھی مکمل کیے گئے ہیں۔ ان میں براڈکاسٹ کوالٹی بہتر بنانے کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب، دو ڈیجیٹل ری پلے سکرینوں کی مرمت، اور شائقین کے آرام کے لیے پانچ ہزار سے زائد نئی کرسیاں شامل ہیں۔

چیئرمین محسن نقوی نے ذاتی طور پر تزئین و آرائش کے کام کی نگرانی کی اور اس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے سٹیڈیم کے متعدد دورے کیے۔ تقریباً 5000 محنتی کارکنوں نے انتھک محنت سے سٹیڈیم کو  نئی شکل دی تاکہ آئندہ ٹرائی سیریز اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے اسے مکمل طور پر فعال بنایا جا سکے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی سی بی ویب سائٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ’ یہ اپگریڈیشن ہمارے اس وژن کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستان کے کرکٹ وینیوز کو بین الاقوامی معیار تک پہنچایا جائے۔

نیشنل بینک سٹیڈیم، جس کی آخری بار 1996 کے ورلڈ کپ کے دوران بڑی تزئین و آرائش کی گئی، اب ایک جدید اور عالمی معیار کی سہولت کے طور پر موجود ہے۔ یہ نہ صرف ملکی اور بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کرے گا بلکہ کھلاڑیوں اور شائقین کو اعلیٰ درجے کا تجربہ بھی فراہم کرے گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس شاندار تبدیلی کے پیچھے کام کرنے والی محنتی ٹیم بے حد داد کی مستحق ہے۔ ان کی انتھک محنت کی بدولت ہم فخر کے ساتھ نیشنل بینک سٹیڈیم کو ایک عالمی معیار کے وینیو کے طور پر پیش کر رہے ہیں، جو اعلیٰ درجے کی کرکٹ میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

نیشنل بینک سٹیڈیم کا شاندار ماضی سنسنی خیز میچوں سے بھرا ہوا ہے جب کہ کراچی نے پاکستان کو کئی عظیم کرکٹرز دیے۔ اس جدید اور شائقین کے لیے مزید سازگار وینیو کے ساتھ،  نئے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ابھریں گے اور مستقبل میں پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کریں گے۔

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے جمعے کو تزئین و آرائش کے بعد لاہور میں قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کیا تھا۔  

19 فروری سے شروع ہونے والی 10ویں چیمپیئنز ٹرافی میں دنیائے کرکٹ کی آٹھ بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہوں گی۔

چیمپیئنز ٹرافی کے میچوں کے لیے پاکستان میں کئی کرکٹ سٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ