سابق پاکستانی کرکٹر باسط علی نے انڈیا کے سابق بلے باز سنیل گواسکر کے اس بیان کو احمقانہ قرار دیا ہے جس میں انہوں نے پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے ایشیا کپ کا حصہ نہ ہونے کا کہا تھا۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق سنیل گواسکر نے چند روز قبل سپورٹس ٹوڈے نامی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بی سی سی آئی کا موقف ہمیشہ سے وہی رہا ہے جو انہیں حکومت کی طرف سے کہا جاتا ہے۔
’میرے خیال میں اس بھی یہ کچھ مختلف نہیں ہو گا جب ایشیا کپ کی بات ہو گی۔ انڈیا اور سری لنکا اس کے میزبان ہیں۔ اگر حالات نہ بدلے تو میں پاکستان کو اس ایشیا کپ کا حصہ بنتے نہیں دیکھ رہا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر دونوں ممالک (پاکستان اور انڈیا) کے درمیان تعلقات بہتر نہیں ہوتے تو ایشین کرکٹ کونسل کا مستقبل بھی خطرے پڑ سکتا ہے۔
سنیل گواسکر کے اس بیان پر پاکستان کے سابق کرکٹرز نے بھی ردعمل دیا ہے جب کہ باسط علی نے تو اس بیان کو ’احمقانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سنیل گواسکر کو الزام عائد کرنے سے پہلے ثبوت فراہم کرنے چاہییں۔
سابق بلے باز اور سنیل گواسکر کے ساتھ کئی دہائیوں تک کرکٹ میں مدمقابل رہنے والے پاکستانی بلے جاوید میاں داد نے بھی سنیل گواسکر کے اس بیان پر ردعمل دیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا، انڈیا ٹائمز کے مطابق جاوید میاں داد کا ٹیلی کوم ایشیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یقین نہیں ہو رہا کہ سنی بھائی نے ایسا کہا ہے۔ وہ بہت عزت کرنے والے، عاجز انسان ہیں جو ہمیشہ سیاست سے دور رہے ہیں۔‘
سابق پاکستانی سپنر اقبال قاسم نے بھی سنیل گواسکر کے بیان پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’گواسکر ایک ذمہ دار شخص ہیں جنہیں سرحد کے دونوں جانب پسند کیا جاتا ہے۔ سیاست کو کھیل سے نہیں ملانا چاہیے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سابق پاکستانی لیگ سپنر مشتاق احمد نے اس حوالے سے کہا کہ ’غصے میں فیصلہ کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ ایسے فیصلے پر انسان کو بعد میں افسوس ہوتا ہے۔‘
اپنے یوٹیوب چینل پر پوسٹ ایک ویڈیو میں باسط علی کا کہنا تھا کہ ‘سنیل گواسکر میرے بچپن کے ہیرو ہیں۔ مجھے ان کے بیان پر افسوس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مت کھلائیں۔‘
انہوں نے سنیل گواسکر کو لیونگ لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’سنی بھائی ایک بڑا نام ہیں، بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام لگانا ٹھیک نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے ملک میں بھی واقعات ہوئے، انڈیا کا ایجنٹ بلوچستان سے پکڑا گیا لیکن ہم نے کبھی انڈیا کا نام نہیں لیا۔‘
سنیل گواسکر کے اس بیان پر نہ صرف سابق کرکٹرز بلکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارف فرید خان نے ایکس پر لکھا ’سنیل گواسکر کہتے ہیں کہ پاکستان کو ایشیا کپ 2025 سے باہر نکال دینا چاہیے۔ گواسکر صاحب بھول رہے ہیں کہ ایشن کرکٹ کونسل کے سربراہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی ہیں۔‘