پاکستانی فوج نے ہفتے کو زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل ہتھیاروں کے نظام ’ابدالی ویپن سسٹم‘ کا تربیتی تجربہ کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں کہا: ’پاکستان نے آج 450 کلومیٹر کی رینج تک زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل ’ابدالی ویپن سسٹم‘ کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔‘
فوج نے مزید کہا کہ ’ایکس انڈس کے تحت کیے گئے اس تجربے کا مقصد افواج کی آپریشنل تیاری اور میزائل کے جدید نیوی گیشن سسٹم سمیت اہم تکنیکی پہلوؤں کی جانچ کرنا تھا۔‘
بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت نے اس کامیاب تجربے پر فوجیوں، سائنس دانوں اور انجینیئروں کو مبارک باد پیش کی ہے۔
یہ تجربہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب گذشتہ ماہ ہونے والے پہلگام حملے کے بعد سے روایتی حریف انڈیا کے ساتھ پاکستان کی کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
22 اپریل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں حملے کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد مارے گئے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس حملے کا الزام انڈیا نے پاکستان پر عائد کیا ہے جبکہ اسلام آباد نے اس کی تردید کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
حملے کے بعد نہ صرف انڈیا نے پانی کی تقسیم سے متعلق سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا اور دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کر دیں بلکہ سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
دوسری جانب انڈین حکومت نے پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کر کے انہیں واپس جانے کی ہدایت کر دی اور پاکستانی سفارتی عملے کی تعداد کم کر دی، جس کے جواب میں پاکستان نے بھی ایسا ہی کیا۔
ہندو قوم پرست انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے ذمہ داروں کو سزا دینے کا عزم ظاہر کیا ہے جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ انڈیا کی جانب سے فوجی کارروائی کا خدشہ فوری نوعیت کا ہے۔
گذشتہ روز پاکستان فوج کے مرکزی دفتر میں منعقد ہونے والی خصوصی کور کمانڈر کانفرنس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں پاکستانی فوج کا کہنا تھا کہ پہلگام کا واقعہ پاکستان کی توجہ مغربی محاذ اور اقتصادی بحالی کی قومی کوششوں سے ہٹانے کی سوچی سمجھی حکمت عملی ہے۔
اعلامیے کے مطابق فورم نے پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کے پائیدار عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان بھرپور اور یقینی جواب دے گا۔