’مسٹر گواسکر، شوہر کے کھیل کا الزام بیوی کو کیوں؟‘

بالی وڈ اداکارہ اور کرکٹر ویراٹ کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے کرکٹ کے میدانوں میں اپنے تذکروں سے تنگ آکر سوال کیا ہے کہ آخر ان کے حوالے سے اس طرح کے بیانات کب بند ہوں گے۔

انوشکا شرما نے سنیل گواسکر کے تبصرے پر انسٹاگرام پوسٹ میں کچھ سوالات کیے (فائل تصویر:اے ایف پی)

بالی وڈ اداکارہ اور کرکٹر ویراٹ کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے کرکٹ کے میدانوں میں اپنے تذکروں سے تنگ آکر سوال کیا ہے کہ آخر ان کے حوالے سے اس طرح کے بیانات کب بند ہوں گے۔

انوشکا شرما نے یہ بات سابق بھارتی کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر سنیل گواسکر کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے ان کے ذکر پر کی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک ویڈیو کلپ میں سنیل گواسکر کو ویراٹ کوہلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’وہ (کوہلی) جانتے ہیں کہ وہ جتنی پریکٹس کرتے ہیں اتنا بہتر ہوتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’بھارت میں کرونا (کورونا) وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہے اور انہوں نے صرف انوشکا کی بولنگ کا ہی سامنا کیا ہے، جس سے انہیں زیادہ مدد نہیں ملے گی۔‘

سنیل گواسکر شاید اس ویڈیو کے حوالے سے بات کر رہے تھے جو ویراٹ کوہلی کے کسی پڑوسی نے لاک ڈاؤن کے دوران جاری کی تھی جس میں انوشکا شرما ویراٹ کوہلی کو بولنگ کروا رہی تھیں۔

سنیل گواسکر نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جب گذشتہ روز ویراٹ کوہلی کنگز الیون پنجاب کے خلاف بلے بازی کر رہے تھے۔

اس کمنٹری پر ویراٹ کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’مٹسر گواسکر آپ کا پیغام پھیکا تھا اور میں جاننا چاہوں گی کہ آپ نے ایک شوہر کے کھیل کا الزام بیوی کو کیوں دیا؟‘

انہوں نے مزید کہا: ’مجھے یقین ہے کہ ماضی میں آپ نے کمنٹری کرتے ہوئے ہر کرکٹر کی نجی زندگی کا احترام کیا ہوگا۔ آپ کو نہیں لگتا کہ آپ کو مجھے اور ہمیں بھی اتنی ہی عزت دینی چاہیے؟‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’مجھے یقین ہے کہ گذشتہ رات میرے شوہر کی کارکردگی پر تبصرہ کرنے کے لیے آپ کے پاس کوئی اور الفاظ بھی ہوں گے یا پھر کیا آپ کے الفاظ اسی وقت بامعنی ہوتے ہیں جب آپ میرا نام لیں؟‘

انوشکا شرما نے لکھا: ’یہ 2020 ہے اور میرے لیے چیزیں اب بھی تبدیل نہیں ہو رہیں۔ کب ایسا ہو گا کہ مجھے کرکٹ میں کھینچ کر لانا بند کیا جائے اور بیانات نہ دیے جائیں۔‘

انہوں نے آخر میں لکھا کہ ’قابل احترام مسٹر گواسکر، آپ ایک لیجنڈ ہیں اور جینٹل مینوں کے اس کھیل میں آپ کا نام بہت بڑا ہے۔ اتنا بتانا چاہتی تھی کہ آپ کو سن کر مجھے کیسا لگا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل