’کیا آپ مر گئے ہیں؟‘: تنہا رہنے والوں میں مقبول چینی ایپ کا نام تبدیل

ویبو سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چینی صارفین نے اپیل کی کہ ایپ کا نام تبدیل نہ کیا جائے جبکہ بعض نے ’کیا آپ زندہ ہیں‘، ’کیا آپ آن لائن ہیں‘ یا ’کیا آپ موجود ہیں‘ جیسے متبادل نام تجویز کیے۔

’کیا آپ مر گئے ہیں؟‘ نامی ایک ایپ چین میں تنہا رہنے والے افراد میں وائرل ہو گئی ہے، جس کے ڈاؤن لوڈز میں تیزی سے اضافے اور سوشل میڈیا پر تبصروں کے بعد کمپنی نے سبسکرپشن فیس متعارف کروانے اور عالمی صارفین کے لیے اس کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چینی زبان میں ’سیلے می‘ (Sileme) کہلانے والی یہ ایپ جس کا انگریزی ترجمہ ’کیا آپ مر گئے ہیں؟‘ بنتا ہے، کی ڈویلپمنٹ ٹیم کے مطابق یہ ’اکیلے رہنے والوں کے لیے تیار کیا گیا ایک ہلکا پھلکا حفاظتی ٹول‘ ہے، جو طلبہ سے لے کر اکیلے کام کرنے والے دفتری ملازمین یا ’تنہا طرزِ زندگی اختیار کرنے والے کسی بھی فرد‘ کے لیے ہے۔

اس ایپ میں ایک ہنگامی رابطہ نمبر اور ای میل درج کرنا ضروری ہوتا ہے اور اگر صارف 48 گھنٹے تک ایپ کے ذریعے چیک اِن نہ کرے تو خودکار طور پر اس ایمرجنسی نمبر پر اطلاع بھیج دی جاتی ہے۔

ریاستی اخبار گلوبل ٹائمز کے مطابق چین میں تنہا افراد پر مشتمل گھرانوں کی تعداد 20 کروڑ تک ہو سکتی ہے، جبکہ اکیلے رہنے کی شرح 30 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔

سیلے می نے منگل کے روز اپنے سرکاری ویبو اکاؤنٹ پر بتایا کہ کمپنی جلد جاری ہونے والے نئے ورژن میں عالمی برانڈ نام ’ڈیمومو‘ متعارف کروائے گی۔

ایپل کے بامعاوضہ ایپس چارٹ پر یہ ایپ پہلے ہی ’ڈیمومو‘ کے نام سے موجود ہے، جہاں یہ اس وقت دوسرے نمبر پر ہے، اس سے قبل ہفتے کے آغاز میں یہ پہلے نمبر پر پہنچ گئی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سیلے می نے کہا: ’تمام انٹرنیٹ صارفین کے پرجوش تعاون کا شکریہ۔ ہم اصل میں ایک غیر معروف چھوٹی ٹیم تھے، جسے 1995 کے بعد پیدا ہونے والے تین افراد نے مشترکہ طور پر قائم کیا اور آزادانہ طور پر چلایا۔‘

کمپنی نے اتوار کو بتایا تھا کہ بڑھتے ہوئے اخراجات پورے کرنے کے لیے آٹھ یوان (1.15 ڈالر) کی ادائیگی کا نظام متعارف کروایا جائے گا۔ ایپل کے ایپ اسٹور پر ’ڈیمومو‘ پہلے ہی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے آٹھ ہانگ کانگ ڈالر وصول کر رہی ہے۔

ویبو سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین نے سیلے می سے اپیل کی کہ وہ ایپ کا نام تبدیل نہ کرے، جبکہ بعض نے ’کیا آپ زندہ ہیں‘، ’کیا آپ آن لائن ہیں‘ یا ’کیا آپ موجود ہیں‘ جیسے متبادل نام تجویز کیے۔

ویبو کے ایک صارف نے لکھا: ’کیا آپ نہیں سمجھتے کہ آپ کی وائرل مقبولیت کی اصل وجہ یہی نام ہے؟ اس کے بغیر، کسی ہنگامی صورتِ حال کے سوا کوئی بھی یہ ایپ انسٹال نہ کرتا۔‘

ایک اور صارف نے کہا: ’اس نئے نام کے ساتھ اس کی اصل کشش ختم ہو گئی ہے۔‘

چین میں تنہا زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کی ایک وجہ شادیوں کی شرح میں کمی بھی ہے جبکہ بڑی تعداد میں بزرگ افراد بھی اکیلے رہتے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں تنہا رہنے افراد چین کے تمام گھرانوں کا تقریباً پانچواں حصہ تھے جبکہ ایک دہائی قبل یہ شرح 15 فیصد تھی۔

ویبو پر ایک صارف نے لکھا: ’شاید کچھ قدامت پسند لوگ اسے قبول نہ کر سکیں، لیکن یہ حفاظت کے مقصد کے لیے مفید ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’یہ ہم غیر شادی شدہ لوگوں کو اپنی زندگی زیادہ اطمینان سے گزارنے میں مدد دے گی۔‘

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل