پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہفتے کو جنگ بندی کے بعد دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز معطل ہونے والی اپنی اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگز کی بحالی پر کام کر رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنگی ماحول اور کشیدگی کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹورنامنٹ کو پہلے دبئی اور بعد میں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا تھا۔
تاہم اب ذرائع نے بتایا کہ بورڈ لیگ کے باقی ماندہ میچ کرانے بحالی کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں اور عملے سے رابطے کر رہا ہے۔
اسی طرح انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) بھی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فوری بحالی پر غور کر رہا ہے۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجت سائکیا نے ویب سائٹ کرک بز کو بتایا کہ وہ ’صورت حال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘
سائکیا نے مزید کہا کہ ’آئی پی ایل کی بحالی کا فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز اور متعلقہ سرکاری حکام سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ بورڈ کے عہدے دار اتوار کو ملاقات میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔
آئی پی ایل کو جمعے کو ایک ہفتے کے لیے معطل کر دیا گیا تھا، جس سے ایک دن پہلے دھرم شالہ میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان میچ مبینہ فضائی حملوں کے خدشے کے بعد منسوخ کر دیا گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کو فضائی حدود کی بندش کے باعث کھلاڑیوں کو دھرم شالہ سے دہلی واپس لانے کے لیے ایک خصوصی ٹرین کا انتظام کیا گیا جب کہ غیر ملکی کھلاڑی ہفتے کو واپس اپنے ممالک روانہ ہونا شروع ہو گئے۔
اتوار کو ٹیموں کی اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف سے رابطے کی رپورٹس بھی ہیں۔
کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این نے کہا کہ اگر حکومت اجازت دی تو آئی پی ایل 15 مئی کے آس پاس دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔
فی الحال ایونٹ کے 12 لیگ میچ باقی ہیں جن کے بعد تین پلے آف میچ اور فائنل ہونا ہے جو پہلے 25 مئی کو شیڈول تھا۔