پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انڈین جارحیت کے باعث حالیہ صورت حال کے پیش نظر جمعے کو پاکستان سپر لیگ 10 (پی ایس ایل) کے باقی آٹھ میچ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول پر صورت حال انتہائی کشیدہ رہی، انڈیا کی جانب سے 78 ڈرونز کی دراندازی اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل فائر کیے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایت کے بعد کیا گیا، جنہوں نے اس بات کو مدنظر رکھا کہ انڈین جارحیت اس مقام پر پہنچ گئی ہے، جہاں قومی توجہ اور جذبات بجا طور پر افواج پاکستان کی جرات مندانہ کوششوں پر مرکوز ہیں، جو پاکستان کی خودمختاری کے لیے آواز بلند کر رہی ہیں۔‘
مزید کہا گیا کہ ’پی سی بی اور اس کے کھلاڑی شہداء کے اہل خانہ اور قوم کا دفاع کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے لیے کھڑے ہیں۔‘
بیان کے مطابق: ’پی سی بی اپنے شراکت داروں، فرنچائزز، حصہ لینے والے کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، سپانسرز اور منتظمین کی کوششوں اور تعاون کو تسلیم کرتا ہے، جس نے ٹورنامنٹ کے ہموار انعقاد کو یقینی بنایا، تاہم وہ کرکٹ، جو متحد کرنے والی قوت اور خوشی کا ذریعہ ہے، میں اس وقت وقفہ کرنا چاہیے، جب ملک کو اس طرح کی صورت حال کا سامنا ہو۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پی سی بی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ’ہم پی سی بی میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی ذہنی تندرستی اور اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کے جذبات کا بھی مخلصانہ خیال رکھتے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے خدشات کا احترام کرتے ہیں، جو انہیں اپنے وطن میں واپس دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
اس سے قبل جمعرات کو ہی پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلے جائیں گے، تاہم بعدازاں ان میچوں کو ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
گذشتہ روز پاکستان اور انڈیا کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے پیش نظر راولپنڈی میں ہونے والا پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے میچ کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا تھا۔
یہ فیصلہ انڈیا کی جانب سے جمعرات کو پاکستان کے متعدد شہروں پر ڈرون حملوں کے بعد سامنے آیا تھا، جن میں سے ایک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب بھی گرا۔
پاکستان سپر لیگ میں اب تک کل 26 میچز کھیلے جا چکے ہیں جبکہ 27 واں میچ جمعرات کی شب پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا۔
اسی طرح نو مئی کو لاہور قلندرز اور پشاور زلمی جبکہ 10 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جانے تھے۔