پاکستان نے اتوار کو تیسرے اور سیریز کے آخری ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں بنگلہ دیش کو سات وکٹ سے ہرا کر سیریز جیت لی۔ میچ کی خاص بات محمد حارث کی شاندار سینچری تھی جنہوں صرف 45 گیندوں پر سینچری بنائی جو بین الاقوامی کرکٹ میں ان کی پہلی سینچری ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دیا تھا۔
197 رنز کے تعاقب میں پاکستان کو پہلے ہی اوور میں اوپنر صاحب زادہ فرحان (ایک رن) کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا۔
تاہم صائم ایوب اور محمد حارث نے دباؤ میں آئے بغیر جارحانہ انداز اپنایا اور مہمان بولرز کو نشانہ بناتے ہوئے 9.3 اوورز میں سکور مزید کسی نقصان کے 100 رنز تک پہنچا دیا۔
صائم نے 29 گیندوں پر 45 رنز بنائے، جس میں دو چوکے اور چار چھکے شامل تھے، تاہم محمد حارث آخر تک ڈٹے رہے اور پاکستان کو جتا کر دم لیا۔ حسن نواز نے 26 جب کہ کپتان سلمان علی آغا نے 15 رنز بنائے۔
پاکستان نے آخری میچ میں ایک تبدیلی کی اور فاسٹ بولر حارث رؤف کی جگہ عباس آفریدی کو کھلایا۔
پرویز حسین کی جارحانہ نصف سینچری کی بدولت مہمان ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
انہوں نے صرف 34 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں چار چھکے اور سات چوکے شامل تھے۔
پرویز نے تنزید حسن کے ساتھ 110 رنز کی شراکت قائم کی۔ تنزید نے 32 گیندوں پر 42 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔
دونوں کی شراکت نے بنگلہ دیش کو ایک عمدہ آغاز فراہم کیا اور پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کا سب سے بڑا سکور بنانے میں مدد دی، جو اس سے قبل 2012 میں پالی کیلے میں بنے 175-6 رنز سے زیادہ تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
توحید ہریدوے نے 18 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے اور لٹن داس کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 49 رنز کی شراکت قائم کی۔
داس نے 18 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے تیز گیند باز عباس آفریدی (دو وکٹیں 26 رنز) اور حسن علی (دو وکٹیں 38 رنز) سب سے کامیاب بولر رہے۔
محمد حارث کو ان کی شاندر سینچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یہ تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں پاکستان کی تیسری فتح تھی۔ اس سے قبل پاکستان نے دونوں ابتدائی میچ بالترتیب 37 اور 57 رنز سے جیتے تھے۔
پاکستان سکواڈ
سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، محمد حارث، حسن نواز، شاداب خان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، حسن علی ، عباس آفریدی اور ابرار احمد شامل ہیں۔
بنگلہ دیش سکواڈ
لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن، توحید ہریدوئے، پرویز حسین، ذاکر علی، شمیم حسین، مہدی حسن مرزا، رشاد حسین، تنظیم حسن ثاقب، حسن محمود اور خالد احمد شامل ہیں۔