پاکستان نے جمعے کو لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صاحب زادہ فرحان کی کیریئر کی بہترین نصف سینچری اور ابرار احمد کی تین وکٹوں کی بدولت بنگلہ دیش کو باآسانی 57 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مسلسل دوسرا 200 سے زائد رنز کا مجموعہ سکور کیا۔
فرحان نے 41 گیندوں پر74 رنز بنائے، حسن نواز نے 26 گیندوں پر ناقابل شکست 51 رنز اور محمد حارث نے 25 گیندوں پر 41 رنز سکور کیے۔
اس سے قبل فرحان کا بہترین سکور 39 رنز تھا، جو انہوں نے 2018 میں آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں بنایا تھا۔
ابتدائی اوورز میں صائم ایوب صرف چار رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔ تاہم فرحان اور حارث نے دوسری وکٹ کے لیے 54 گیندوں پر 103 رنز کی شراکت قائم کر کے اننگز کو مستحکم کیا۔
اس جوڑی نے مہمان بولرز کی خوب دھلائی کی۔ فرحان نے چھ چھکے اور چار چوکے لگائے جبکہ حارث کی اننگز میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔
فرحان کو بارہویں اوور میں رشاد حسین کی گیند پر لٹن داس نے کیچ آؤٹ کیا۔ اننگز کے آخری لمحات میں حسن نواز نے تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے سکور کو بڑھایا اور پاکستان نے آخری پانچ اوورز میں 40 رنز کا اضافہ کیا۔
کپتان سلمان آغا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان نے سات رنز سکور کیے۔
بنگلہ دیش کے تنظیم حسن ثاقب نے 36 رنز اور حسن محمود نے 47 رنز دے کر دو، دو وکٹیں لیں۔
207 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے ابتدائی اوورز میں جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ تنزید حسن نے 19 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
چوتھے اوور میں 44 کے سکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد مہمان بیٹرز کے آؤٹ ہونے کی قطار لگ گئی اور نو اوورز میں 70 پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد مہمان ٹیم کے سیریز برابر کرنے کی امید ختم ہو گئی۔
بنگلہ دیش کے دیگر نمایاں بیٹرز میں مہدی حسن مرزا (23 رنز) اور تنظیم کے 50 رنز شامل تھے۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 144 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کے ابرار نے تین جبکہ حسن علی، فہیم اشرف، حارث روف، شاداب خان، خوشدل شاہ اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ لی،
پاکستان نے سیریز کا پہلا میچ بھی اسی میدان پر37 رنز سے جیتا تھا۔ سیریز کا آخری میچ اتوار کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔