ارشد ندیم کے ساتھ تعلق اب شاید پہلے جیسا نہ رہے: انڈین ایتھلیٹ نیرج چوپڑا

دوحہ ڈائمنڈ لیگ سے قبل الجزیرہ سے گفتگو میں نیرج چوپڑا سے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم سے ان کے تعلق کے بارے میں سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے جواب دیا: ’یہ ویسا نہیں رہے گا، جیسا (حالیہ کشیدگی سے) پہلے تھا۔‘

انڈیا کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولین تھرور (دائیں) آٹھ اگست 2024 کو پیرس کے شمال میں واقع سینٹ ڈینس میں منعقدہ پیرس اولمپک 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستان کے ارشد ندیم کو مبارک باد دے رہے ہیں (اے ایف پی)

انڈیا کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور نیرج چوپڑا کا خیال ہے کہ ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ ہونے والی حالیہ کشیدگی ان کی سرحد پار ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ساتھ دوستی کو متاثر کرے گی۔

ٹوکیو 2021 میں اولمپک گولڈ جیتنے والے نیرج چوپڑا اور پیرس 2024 میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم کے درمیان حوصلہ افزائی اور ستائش کے جملوں کے باقاعدہ تبادلے نے دونوں کو سوشل میڈیا پر مقبول بنایا، تاہم نیرج چوپڑا نے جمعرات کو کہا کہ ارشد ندیم کے ساتھ ان کا تعلق اب شاید پہلے جیسا نہ رہے۔

انڈیا اور پاکستان کے درمیان گذشتہ ہفتے مختصر مگر شدید فوجی تصادم ہوا تھا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان پانچویں مکمل جنگ چھڑنے کا خطرہ پیدا ہو گیا۔

قطر میں جمعے کو ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس کی دوحہ ڈائمنڈ لیگ سے قبل الجزیرہ سے گفتگو میں نیرج چوپڑا سے ارشد ندیم سے تعلق کے بارے میں سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے جواب دیا: ’یہ ویسا نہیں رہے گا، جیسا (حالیہ کشیدگی سے) پہلے تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میری ان (ارشد ندیم) کے ساتھ کبھی کوئی بہت گہری دوستی نہیں رہی، لیکن ہم ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔‘

22 اپریل کو انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے، جس میں 26 شہری جان سے گئے، کے بعد نیرج چوپڑا کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، کیوں کہ انہوں نے ارشد ندیم کو 24 مئی کو انڈیا میں ہونے والے نیرج چوپڑا کلاسک جیولن تھرو ایونٹ میں مدعو کیا۔

یہ دعوت حملے سے پہلے دی گئی تھی، جسے ارشد نادیم نے یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ وہ 27 سے 31 مئی تک جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

سرحد پار کشیدگی کے بعد نیرج چوپڑا کے نام سے منسوب ایونٹ بالآخر ملتوی کر دیا گیا، لیکن اس سے پہلے 27 سالہ انڈین ایتھلیٹ نے 25 اپریل کو جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ پہلگام حملے کے بعد ارشد ندیم کی اس مقابلے میں شرکت ’قطعی خارج از امکان‘ ہے۔

جنگ جیسی صورت حال کے دوران دونوں ایتھلیٹس نے سوشل میڈیا پر اپنے اپنے ملک کی مسلح افواج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

نیرج چوپڑا اور ارشد ندیم 2023 کی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں گولڈ اور سلور میڈلسٹ رہے اور دونوں نے ایک ساتھ خوشی منائی، جب نیرج چوپڑا نے اپنے پاکستانی حریف کو تصویر کے لیے ساتھ آنے کی دعوت دی اور دونوں نے ایک دوسرے کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر قریب کھڑے ہو کر تصویر بنوائی۔

جب ارشد نادیم نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کے پہلے ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا، تو نیرج چوپڑا کی والدہ نے اس وقت سرحد پار دل جیت لیے، جب انہوں نے کہا کہ ندیم بھی ان کے لیے ’بیٹے‘ کی طرح ہیں۔

یہ واضح نہیں کہ دونوں ایتھلیٹس اگلی بار کب آمنے سامنے ہوں گے، کیوں کہ ارشد ندیم دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں حصہ نہیں لے رہے اور نیرج چوپڑا نے جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل