ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں پانچ مغوی بازیاب: رحیم یار خان پولیس

پنجاب پولیس نے ضلع رحیم یار خان کے علاقے کچہ راضی میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں پانچ مغویوں کو بازیاب کروانے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

پنجاب پولیس کے اہلکار رحیم یار خان کے قریب کچے کے علاقے میں 23 مارچ 2025 کو ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں جس میں دو اہم ڈاکوؤں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے (پنجاب پولیس)

پنجاب پولیس نے ضلع رحیم یار خان کے علاقے کچہ راضی میں ڈاکوؤں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن میں پانچ مغویوں کو بازیاب کروانے کا دعویٰ کیا ہے۔  

ترجمان پنجاب پولیس نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ ’رحیم یار خان  ضلع کی پولیس نے ڈاکوؤں کا محاصرہ کیا تو اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مغویان بحفاظت بازیاب کروا لیے گئے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’بازیاب کروائے گئے افراد میں نعیم سومرو، کامران شیخ، عرفان لنگاہ، شہباز شیخ اور عبدالستار شامل ہیں۔ مغوی افراد کو کچے کے ڈاکوؤں نے کچھ دن قبل صادق آباد اور بھونگ سے تاوان کے لیےاغوا کیا تھا۔‘

ڈی پی او رحیم یار خان نے صحافیوں کو بتایا کہ ’رحیم یار خان پولیس نے آپریشن کے دوران اغوا کاروں کے دو سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا، جب کہ اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، نائٹ ویژن گاگلز، لانگ رینج اسلحہ اور بکتر بند گاڑیوں کی مدد حاصل تھی۔‘

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پانچ مغوی بحفاظت بازیاب کروانے، دو سہولت کاروں کی گرفتاری پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دی۔

گذشتہ کئی دھائیوں سے پنجاب کے جنوبی علاقوں رحیم یار خان، راجن پور، صادق آباد اور اندرون سندھ کے کئی اضلاع پر پھیلے، دریائے سندھ کے اطراف کچے میں ڈاکو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اغو برائے تاوان، ہنی ٹریپ اور بھتہ خوری سمیت کئی دوسرے جرائم میں ملوث ان ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں کئی پولیس اہلکار بھی جان سے جا چکے ہیں۔

گذشتہ برس صادق آباد کے علاقے میں آپریشن کے دوران ان ڈاکوؤں نے پولیس گاڑی پر حملہ کر کے کئی پولیس اہلکاروں کو مار دیا تھا جب کہ کئی ایک کو زخمی بھی کر دیا تھا۔

ان واقعات کے بعد سے اس علاقوں میں پولیس آپریشنز تو جاری ہیں لیکن اتنے بڑے ایریا کو ڈاکوؤں سے مکمل طور پر خالی نہیں کروایا جا سکا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے بیان میں کہا کہ ’پنجاب پولیس سرحدی چوکیوں، دریائی چوکیوں سمیت صوبے بھر میں سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہے۔ پولیس کے چیلنجز بڑھتے جا رہے ہیں۔ شہریوں کے تعاون سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو شکست فاش دیں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان