’پرتگال کے لیے ٹانگ بھی تڑوانا پڑتی تو کر ڈالتا:‘ نیشنز لیگ جیتنے پر رونالڈو آبدیدہ

پرتگال نے نیشنز لیگ کا فائنل جیتا تو سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔

پرتگال کے فارورڈ رونالڈو آٹھ جون، 2025 کو میونخ میں پرتگال اور سپین کے درمیان کھیلے گئے یوئیفا نیشنز لیگ کے فائنل میچ کے بعد آبدیدہ ہو گئے (اے ایف پی)

پرتگال کی فٹ بال ٹیم نے اتوار کو یوئیفا نیشنز لیگ میں فتح حاصل کی تو سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق رونالڈو نے فائنل میں سپین کے خلاف پرتگال کے لیے گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کیا اور پھر پنیلٹی شوٹ آؤٹ میں اپنی ٹیم کو 3-5 سے جیتتا دیکھتے رہے۔

40 سالہ رونالڈو میچ سے پہلے وارم اپ کے لیے سب سے پہلے میدان میں اترے، جس پر پرتگال کے مداحوں نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

ان کی میدان میں آمد نے بہت سے مداحوں کو مجبور کر دیا کہ وہ اپنے موبائل فون نکال کر سپر سٹار کو ایکشن میں دیکھتے ہوئے ویڈیوز بنائیں۔

رونالڈو نے ہفتے کو تسلیم کیا کہ وہ ہمیشہ نہیں کھیل پائیں گے۔ اس کے تین دن بعد رونالڈو نے پرتگال کو 25 سال بعد جرمنی کے خلاف پہلی فتح دلائی جب کہ نیشنز لیگ کے سیمی فائنل میں فیصلہ کن گول کر کے ٹیم کو 1-2 سے جتوایا۔

اتوار کو بھی وہ ایک بار پھر ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، اگرچہ ابتدا میں یہ میچ خاصا مایوس کن رہا کیوں کہ سپین کے محنتی دفاعی کھلاڑیوں نے ان کے مواقع محدود کر دیے۔

نونو مینڈس نے پرتگال کی جانب سے پہلا گول کر کے مقابلہ برابر کیا۔ اس سے پہلے مارٹن زوبی مینڈی نے سپین کے لیے پہلا گول کیا۔ پھر میکل اویارزابال نے ہاف ٹائم سے پہلے سپین کو 1-2 کی برتری دلائی۔

لیکن رونالڈو درست وقت پر درست جگہ موجود تھے، جب 61 ویں منٹ میں گیند مینڈس سے ٹکرا کر رونالڈو تک پہنچی۔

انہوں نے شاندار انداز میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا، جس کے بعد ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

یہ پرتگال کے لیے رونالڈو کا 138واں گول تھا۔ کسی بھی کھلاڑی نے اپنی قومی ٹیم کے لیے اتنے زیادہ گول کبھی نہیں کیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

رونالڈو نے ملک کی جانب سے اپنے ریکارڈ کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے 221 ویں میچ میں بھی مسلسل کوششیں جاری رکھیں، لیکن آخرکار تھکن کے باعث 88ویں منٹ میں میدان سے باہر جانا پڑا۔

مداحوں نے کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر اُنہیں خراج تحسین پیش کیا جبکہ کوچ رابرٹو مارٹینیز نے گلے لگا کر انہیں رخصت کیا۔

رونالڈو نے بتایا کہ وہ انجری کے ساتھ میدان میں اترے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے وارم اپ کے دوران بھی یہ محسوس کیا، اور کچھ وقت سے یہ تکلیف موجود تھی، لیکن قومی ٹیم کے لیے اگر مجھے ٹانگ بھی توڑنی پڑتی تو توڑ دیتا۔

’یہ ٹرافی کے لیے تھا، مجھے کھیلنا تھا اور میں نے اپنی پوری جان لڑا دی۔‘

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق رونالڈو نے سپورٹ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرتگال کے لیے جیتنا ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔

’میرے پاس کلبوں کے ساتھ بہت سے ٹائٹلز ہیں، لیکن پرتگال کے لیے جیتنے سے بہتر کچھ نہیں۔ یہ آنسو ہیں، فرض پورا ہوا اور خوشی بے حد ہے۔‘

اس موقعے پر سپین کے کوچ ڈی لا فوئنتے کا کہنا تھا کہ ’چھوٹی چھوٹی جزئیات سے ہی فرق پڑتا ہے اور میرا خیال ہے کہ یہ ایک ایسا میچ تھا جو بہت متوازن تھا، لیکن جب ہم اضافی وقت کے اختتام کے قریب پہنچے تو مجھے لگا ہم اتنا کھیل چکے ہیں کہ پنیلٹی شوٹ آؤٹ سے بچ جائیں گے۔

’بدقسمتی سے میچ کا فیصلہ وہی لمحہ کر گیا، اور اس رات وہ ہم سے تھوڑا بہتر اور شوٹ آؤٹ میں زیادہ مؤثر ثابت ہوئے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال