پرتگال کے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے بدھ کو اپنا یوٹیوب چینل لانچ کیا ہے جس کے ابتدائی سترہ گھنٹوں کے اندر سبسکرائبرز کی تعداد تقریبا ڈیڑھ کروڑ ہوگئی ہے۔
پانچ بار بیلن ڈی اور جیتنے والے 39 سالہ رونالڈو سعودی فٹ بال کلب النصر کے لیے کھیلتے ہیں۔
رونالڈو نے اپنے یو ٹیوب چینل کا نام ’یو آر کرسٹیانو‘ رکھا ہے۔
ان کی پہلی ویڈیو پوسٹ کرنے کے چار گھنٹوں میں 50 لاکھ سبسکرائبر ان کے چینل کو جوائن کر چکے تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک خبر کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے چینل لانچ کرتے ہوئے کہا کہ (لوگوں) کا انتظار ختم ہوا۔ ’میرا یوٹیوب چینل بالآخر اب سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے مداحوں سے چینل سبسکرائب کرنے کی بھی اپیل کی۔‘
رونالڈو کے ایکس پلیٹ فارم پر 112.5 ملین، فیس بک پر 170 ملین اور انسٹاگرام پر 636 ملین فالوورز ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ریال میڈرڈ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق کھلاڑی جمعرات کو الرید کے خلاف اپنی ٹیم کے سعودی پرو لیگ کے افتتاحی میچ کی تیاری کر رہے ہیں۔
امریکی بزنس میگزین فوربز کے مطابق رونالڈو کے چینل نے لانچ ہونے کے ڈیڑھ گھنٹے میں دس لاکھ سے زائد سبسکرائبرز کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ یہ کسی بھی چینل کے دو گھنٹے سے بھی کم وقت میں حاصل کیے جانے والے سب سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں۔
یوٹیوب پر اپنی ابتدائی ویڈیو میں مقبول فٹ بالر کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے اس بارے میں سوچ رہے تھے اور آخر کار انہیں اسے حقیقت میں بدلنے کا موقع مل گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھ کر لطف اندوز ہوتے ہیں، اب ان کا یوٹیوب چینل انہیں ایسا کرنے کے لیے ایک اور بڑا پلیٹ فارم فراہم کرےگا۔
رونالڈو کے مطابق وہ اس چینل کے ذریعے اپنی زندگی کے ایسے پہلو شیئر کریں گے جو زیادہ تر شائقین نے نہیں دیکھے ہوں گے۔
اس کے ساتھ وہ مختلف موضوعات پر متعدد مہمانوں کی ایک انٹرویو سیریز بھی شوٹ کریں گے، ان مہمانوں کی شناخت کا ابھی اعلان ہونا باقی ہے۔