دو انسٹاگرام فالورز کم ہونے پر شوہر کے خلاف پولیس میں شکایت

خاتون کا کہنا تھا کہ گھریلو کام کاج کے بوجھ کی وجہ سے انہیں ریلز بنانے کا وقت نہیں مل رہا تھا۔

13 جولائی 2022 کو بنگوئی شہر میں ایک افریقی انفلوئنسر اپنے موبائل پر انسٹاگرام استعمال کرتے ہوئے (اے ایف پی)

انڈیا میں ایک خاتون نے اپنے شوہر پر انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد کم ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے نہ صرف گھر چھوڑ دیا بلکہ پولیس میں شکایت بھی درج کروا دی۔

خاتون کا کہنا تھا کہ گھریلو کام کاج کے بوجھ کی وجہ سے انہیں ریلز بنانے کا وقت نہیں مل رہا تھا۔

نیشا نامی خاتون انسٹاگرام پر بہت سرگرم تھیں اور روزانہ تقریباً دو ریلز پوسٹ کیا کرتی تھیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے شہر نوئیڈا کے رہائشی ان کے شوہر وجیندر نے نیشا سے سوشل میڈیا پر کم وقت گزارنے اور گھر کے کاموں پر زیادہ توجہ دینے کو کہا، جس کے بعد دونوں کے درمیان تنازع شروع ہوا۔

نیشا نے گھریلو کاموں کی وجہ سے کچھ عرصے کے لیے انسٹاگرام پر پوسٹنگ کم کر دی لیکن جب انہوں نے دیکھا کہ ان کے دو فالوورز کم ہو گئے ہیں تو نیشا نے اس کا الزام اپنے شوہر پر لگا دیا۔ اس بات پر دونوں میں شدید جھگڑا ہوا اور نیشا اپنا سسرال چھوڑ کر ضلع ہاپوڑ میں واپس اپنے والدین کے گھر چلی گئیں۔

وہاں نیشا نے ہاپوڑ کے خواتین تھانے میں اپنے شوہر کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کروا دی۔

دکن ہیرالڈ کے مطابق نیشا نے پولیس کو بتایا: ’میرے فالوورز اس لیے کم ہوئے کیونکہ میرے شوہر نے مجھے برتن دھونے اور گھر کی صفائی میں لگا دیا تھا۔ مجھے ریلز بنانے کا وقت ہی نہیں ملا۔‘

ہاپوڑ خواتین تھانے کی سٹیشن ہاؤس آفیسر ارونا رائے نے ’دی انڈپینڈنٹ‘ سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ یہ معاملہ ان کے پاس آیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے مطابق: ’نیشا نے اپنے شوہر کے خلاف ہراسانی کی شکایت درج کروائی۔ جب شوہر نے اپنا مؤقف پیش کیا تو ہم نے مداخلت کی، دونوں کو مشورے دیے گئے اور متعدد نشستوں کے بعد نیشا نے شکایت واپس لے لی۔‘

یہ معاملہ ہاپوڑ ضلع میں خاصی دلچسپی کا باعث بنا، نہ صرف اس کے انوکھے پن کی وجہ سے بلکہ اس کے بعد پیدا ہونے والے نتائج کے سبب بھی۔

ایس ایچ او ارونا رائے کے مطابق اس جوڑے کی شادی کو زیادہ عرصہ نہیں ہوا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس تنازع کے نتیجے میں وجیندر اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے اور اب مختلف جگہوں پر انٹرویوز دے کر نوکری کی تلاش میں ہیں۔

اگرچہ نیشا نے شکایت واپس لے لی ہے اور پولیس کے مطابق قانونی طور پر معاملہ حل ہو چکا ہے تاہم ان کی ذاتی زندگی میں خلیج اب بھی باقی ہے اور دونوں ابھی تک الگ الگ رہ رہے ہیں۔

نیوز 18 کے مطابق نیشا اور وجیندر دونوں میڈیا سے بات کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین