ماحولیاتی تنظیم کا جیف بیزوس کی پرتعیش شادی کے خلاف احتجاج

دو سے تین کروڑ یورو کے اخراجات والی اس تقریب میں تقریباً دو سو مہمانوں کی شرکت متوقع ہے جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان سمیت فلم، فیشن اور کاروباری دنیا کی مشہور شخصیات شامل ہوں گی۔

بین الاقوامی ماحولیاتی تنظیم گرین پیس کے کارکنان 23 جون 2025 کو وینس کے سینٹ مارک سکوائر پر جیف بیزوس کی پرتعیش شادی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں (اے ایف پی)

ماحولیاتی تنظیم ’گرین پیس‘ بھی پیر کو امریکی ارب پتی جیف بیزوس اور صحافی لورا سانچیز کی اطالوی شہر وینس میں ہونے والی پرتعیش شادی کے خلاف ہونے والے احتجاج میں اپنی آواز شامل ہو گئی۔

اس شہانہ تقریب میں تقریباً دو سو مہمانوں کی شرکت متوقع ہے جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا اور داماد جیرڈ کشنر سمیت فلم، فیشن اور کاروباری دنیا کی مشہور شخصیات شامل ہوں گی۔ اس شادی کو ’صدی کی شادی‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم کچھ مقامی افراد اس تقریب کو ایک خوبصورت لیکن مشکلات کے شکار شہر کی کمرشل شکل میں تبدیلی کی ایک اور علامت سمجھتے ہیں، وینس ایسا شہر ہے جو پہلے ہی سیاحوں سے بھرا رہتا ہے اور جس کی مقامی آبادی مسلسل کم ہو رہی ہے۔

گرین پیس اٹلی اور برطانوی تنظیم ’ایوری ون ہیٹس ایلون‘ کے کارکنان نے سینٹ مارک سکوائر میں ایک بڑا بینر لہرایا جس پر ہنستے ہوئے بیزوس کی تصویر کے ساتھ یہ الفاظ درج تھے ’اگر آپ اپنی شادی کے لیے پورے وینس کو کرائے پر لے سکتے ہیں تو آپ زیادہ ٹیکس بھی ادا کر سکتے ہیں۔‘

تاہم بعد میں پولیس اہلکار موقع پر پہنچے جنہوں نے مظاہرین سے جانچ کے بعد بینر کو وہاں سے ہٹا دیا۔

مظاہرہ کرنے والی کارکن سیمونا اباتے نے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا: ’مسئلہ شادی کا نہیں، نظام کا ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ ایک ارب پتی شخص اپنے شوق کی خاطر پورے شہر کو کرائے پر نہیں لے سکتا۔‘

دوسری جانب شہر کے میئر لوئیجی بروگنارو اور علاقائی گورنر لوکا زائیا نے اس شادی کی تقریب کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی معیشت کو فائدہ ہوگا، خاص طور پر ان کاروبار کو جو وینس کی نہروں میں موٹر بوٹس اور گونڈولا چلاتے ہیں۔

گورنر زائیا کے مطابق اس تقریبات پر دو سے  تین کروڑ یورو خرچ ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مقامی اخبار کے مطابق شادی کے موقع پر بیزوس کی جانب سے ماحولیات کے لیے چندہ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن میں وینس کے لاگون کے ماحولیاتی نظام پر تحقیق کرنے والے ادارے ’کوریلا‘ کو 10  لاکھ یورو دیے جائیں گے۔

رواں ماہ کے آغاز میں وینس کی مشہور سینٹ مارک کی گھنٹی والے مینار اور ریالٹو پل پر بیزوس مخالف بینرز آویزاں کیے گئے تھے اور مقامی افراد نے اعلان کیا تھا کہ وہ پرامن احتجاجی رکاوٹیں کھڑی کریں گے۔

مظاہرین کا مؤقف تھا کہ شہر کو وی آئی پیز اور ’زیادتی کی حد تک‘ سیاحت کی نہیں بلکہ عوامی سہولیات اور رہائش کی ضرورت ہے۔

اگرچہ تقریب کی صحیح تاریخ اور مقامات خفیہ رکھے جا رہے ہیں لیکن اندازہ ہے کہ شادی کی تقریبات تین دن (شاید 26 سے 28 جون کے درمیان) تک جاری رہیں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا