پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرائیں گے۔
انہوں نے یہ بات جمعے کو اسلام آباد میں امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات میں کہی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ’وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایران اسرائیل جنگ بندی کرانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر معمولی قیادت اور مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔
’ امید ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرائیں گے۔‘
بیان کے مطابق علاقائی صورت حال اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے بعد ایران اسرائیل سیز فائر کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا متاثر کن کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
’قیام امن کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زبردست اقدامات کو سراہتے ہیں۔ پاکستان ہمیشہ سے کشمیر سمیت دیگر تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے لیے اٹھائے ہر قدم کا خیر مقدم کرتا ہے۔
بیان کے مطابق قائم مقام امریکی سفیر نے کہا کہ ’پاکستان ہمارا اہم دوست ملک ہے اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایک روز قبل جمعرات کو پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فون پر بات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستانی وزیراعظم کے دفتر کے جاری بیان میں کہا گیا تھا ’وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کی باہمت اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا جس کی وجہ سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔‘
مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
رواں ہفتے نیدر لینڈز کے شہر دی ہیگ میں نیٹو سمٹ کے موقعے پر صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ غزہ کے معاملے پر بڑی پیش رفت ہو رہی ہے۔ تاہم انہوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی تھی۔
سات اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیل کی جارحیت میں اب تک مجموعی طور پر غزہ میں مارے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد 56 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔