گھوٹکی پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات پراسرار حالات میں موت کے بعد ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت کی لاش ان کے گھر سے برآمد ہوئی ہے جبکہ ان کے سابق شوہر کو شک کی بنیاد پر جمعے کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) گھوٹکی انور شیخ کے مطابق سمیرا کی 15 سالہ بیٹی ثوبیہ نے پولیس کو بیان بیان دیا ہے کہ کچھ عرصے سے چند افراد سمیرا راجپوت کو زبردستی شادی کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے اور اور شادی سے مسلسل انکار کرنے پر ان افراد نے ان کی والدہ کو زہریلی گولیاں دے کر قتل کیا ہے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی گھوٹکی انور شیخ نے کہا کہ ’ابتدائی اطلاعات کے مطابق سمیرا کی موت زہریلی چیز کھانے سے واقع ہوئی ہے تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے لاش کو تحصیل ہسپتال گھوٹکی منتقل کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔‘
انور شیخ کے مطابق: ’سمیرا راجپوت نے تین سال قبل علی رضا نامی شخص سے طلاق لے لی تھی۔ بعد میں انہوں کسی اور سے شادی کرلی تھی۔‘
مقتولہ کے بھائی صدام نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کا دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بہن کو ’سابق شوہر علی رضا اور اس کے ساتھی عمران نے زہر دے کر قتل کیا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مقتولہ کی بیٹی نے بھی پولیس کو بتایا ہے کہ ’دونوں افراد سمیرا سے شادی کے خواہش مند تھے، جس پر کئی مرتبہ تنازع بھی ہوا۔‘
تاہم پولیس ابھی تحقیق کررہی ہے۔ پولیس نے سمیرا راجپوت کے سابق شوہر علی رضا اور ان کے ساتھی کو شک کی بنیاد پر گرفتار کر لیا ہے۔
گھوٹکی کے مقامی صحافی انور کلوڑ کے مطابق سمیرا راجپوت کی لاش کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس نے لاش کو لوڈر رکشا میں رکھ کر تحصیل ہسپتال گھوٹکی ہستال منتقل کیا۔
گھوٹکی پولیس کے ترجمان نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سمیرا راجپوت کی لاش جمعے کی صبح برآمد ہوئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا، تاہم واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔ ہم بنیادی معلومات لے کر جلد مقدمہ دائر کریں گے۔‘
سمیرا راجپوت سندھی زبان میں مختصر اور منفرد انداز میں ویڈیوز شیئر کرتی تھیں۔ وہ سوشل میڈیا پر کافی مقبول تھیں۔ سوشل میڈیا سائٹ ٹک ٹاک پر ان کےفالوورز کی تعداد تقریباً ساٹھ ہزار تھی۔
ان کی لاش ملنے کے بعد ان کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔