اسرائیل فلسطین میں نسل کشی کر رہا ہے اور انڈیا کی خاموشی شرمناک: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی کے بیان پر انڈیا میں اسرائیلی سفیر نے تنقید کی، لیکن سوشل میڈیا پر بحث میں صارفیں پریانکا کی حمایت کرتے نظر آئے۔

کانگریس رہنما پرینکا گاندھی نے منگل کو کہا کہ اسرائیل فلسطین میں نسل کشی کر رہا ہے، جس پر دہلی میں اسرائیلی سفیر نے پرینکا پر تنقید کی، اور اب سوشل میڈیا نے اسرائیلی سفیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔

7 اکتوبر 2023 سے اسرائیل کی غزہ پر جارحیت جاری ہے اور اب تک حکام کے مطابق 61 ہزار سے زاہد فلسطینوں کا قتل کیا جا چکا ہے جبکہ غزہ کی پٹی ملبے کا ڈھیر بن چکی ہے اور وہاں موجود لاکھوں افراد کو قحط کی سی صورت حال کا سامنا ہے۔ 

پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے ’60 ہزار سے زائد افراد کو قتل کیا ہے جن میں 18 ہزار چار سو 30 بچے شامل ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس (اسرائیل) نے سینکڑوں افراد کو، جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں، بھوکا مار دیا ہے اور لاکھوں کو بھوک سے مرنے کی دھمکی دے رہی ہے۔‘ 

پرینکا گاندھی کا کہنا تھا کہ خاموشی اور بے عملی کے ذریعے ان جرائم کو جاری رکھنے دینا خود ایک جرم ہے۔ ’یہ شرمناک ہے کہ انڈین حکومت اس وقت خاموش کھڑی ہے جب اسرائیل فلسطین کے عوام پر یہ تباہی نازل کر رہا ہے۔‘

 نئی دہلی میں اسرائیل کے سفیر روون آزار نے پرینکا کے بیان کو ’شرمناک‘ قرار دیا ہے۔ 

انہوں نے پرینکا کے ایکس پر بیان کے جواب میں لکھا کہ ’اسرائیل نے حماس کے 25 ہزار جنگجوؤں کو مارا ہے۔ انسانی جانوں کا یہ خوفناک نقصان حماس کی گھناؤنی حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے، جس میں وہ عام شہریوں کے پیچھے چھپتے ہیں، ان لوگوں پر فائرنگ کرتے ہیں جو انخلا یا امداد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اور راکٹ داغتے ہیں۔‘ 

اسرائیل سفیر نے لکھا کہ ان کے ملک نے غزہ میں 20 لاکھ ٹن خوراک پہنچائی ’یہاں کوئی نسل کشی نہیں ہو رہی۔ حماس کے اعداد و شمار پر یقین نہ کریں۔‘

اسرائیل سفیر کے بیان پر سوشل میڈیا پر سخت ردعمل دیکھنے میں آیا۔ 

انڈین نیشنل کانگریس کے ترجمان ادتیہ گرگ نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں اسرائیلی سفیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’تم کون ہوتے ہو غزہ میں خوراک پہنچانے والے؟ بس فلسطین اور غزہ سے دور رہو۔ دنیا بھر کے لوگ ان کا خیال رکھیں گے، تمہاری مدد کی ضرورت نہیں ہے۔‘ 

پنکھڑی پھاٹک نے اسرائیلی سفیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اب کوئی بھی آپ کے جھوٹ پر یقین نہیں کرتا۔ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے۔ آپ بچوں کو قتل کرتے ہیں۔ آپ بے سہارا لوگوں کو قتل کرتے ہیں۔ آپ انہیں اس لیے قتل کرتے ہیں کیونکہ آپ ان کی زمین چاہتے ہیں۔‘

انہوں نے اپنے ردعمل میں لکھا ’آپ کا نام تاریخ میں ہٹلر کے ساتھ لکھا جائے گا اور ایک دن، اس زندگی میں یا اگلی زندگی میں، آپ کو اپنے جرائم کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا