چین میں دنیا کے پہلے ہیومنائیڈ روبوٹ گیمز

بیجنگ میں 500 سے زائد اینڈروئیڈ روبوٹ 100 میٹر ہَرڈلز سے لے کر کنگ فو تک کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

دنیا کے پہلے انسان نما روبوٹ گیمز جمعے کو بیجنگ میں شروع ہو گئے، جہاں 500 سے زائد اینڈروئیڈ روبوٹ کبھی ہچکچاہٹ بھری ٹھوکروں کے ساتھ اور کبھی حقیقی قوت کے مناظر دکھاتے ہوئے 100 میٹر ہَرڈلز سے لے کر کنگ فو تک کے مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

16 ملکوں کی سینکڑوں روبوٹکس ٹیمیں چینی دارالحکومت کے نیشنل سپیڈ سکیٹنگ اوول میں گولڈ کے لیے کوشش کر رہی ہیں، جو 2022 کے ونٹر اولمپکس کے لیے بنایا گیا تھا۔

ان گیمز میں ایتھلیٹکس اور باسکٹ بال جیسے روایتی کھیل شامل ہیں، نیز طبی اشیا کی درجہ بندی اور صفائی جیسے عملی کام بھی رکھے گئے ہیں۔

ایک پرجوش 18 سالہ ناظر چن روی وان نے اے ایف پی کو بتایا ’میں یقین رکھتا ہوں کہ اگلے 10 سال یا اس کے اندر روبوٹ بنیادی طور پر انسانوں کے برابر ہو جائیں گے۔‘

انسانی کھلاڑی فی الحال خوف زدہ نہیں دکھائی دیتے۔ جمعے کی صبح کے ابتدائی ایونٹس میں سے ایک فائیو ای سائیڈ فٹ بال میچ تھا، جس میں سات سال کے بچوں کے سائز کے 10 روبوٹ میدان میں ادھر ادھر گھومتے رہے، اکثر جھگڑا ہونے پر پھنس جاتے یا اجتماعی طور پر گر پڑتے۔

تاہم 1500 میٹر دوڑ میں مقامی چیمپیئن یونِٹری کے انسان نما روبوٹس نے ٹریک پر متاثر کن رفتار سے دوڑ لگائی اور باآسانی اپنے حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

اے ایف پی نے جو سب سے تیز روبوٹ دیکھا اس نے ریس 6:29:37 میں مکمل کی، جو انسانی مردوں کے عالمی ریکارڈ 3:26:00 سے بہت پیچھے ہے۔

ایک مکینیکل ریسر سیدھا ایک انسانی آپریٹر سے ٹکرا گیا۔ 

'قومی حکمتِ عملی'

روبوٹ مقابلے دہائیوں سے منعقد ہو رہے ہیں لیکن منتظمین کے مطابق 2025 کے ورلڈ ہیومنائیڈ روبوٹ گیمز پہلا مقابلہ ہے جو خاص طور پر انسانی جسم جیسی شکل رکھنے والے روبوٹس پر مرکوز ہے۔

چینی حکومت نے صنعت کی قیادت کے مقصد کے تحت روبوٹکس کے فروغ میں مدد فراہم کی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انٹرنیشنل فیڈریشن آف روبوٹکس نے جمعرات کو ایک رپورٹ میں لکھا کہ بیجنگ نے انسان نما روبوٹس کو ’اپنی قومی حکمتِ عملی کے مرکز‘ میں رکھا ہے۔

اس میں کہا گیا کہ ’حکومت اس ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی قابلیت اور عالمی مقابلہ بازی دکھانا چاہتی ہے۔‘

حکام معاشرے میں اس شعبے کے بارے میں شعور بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کُوئی ہان نے، جو اپنے 10 سالہ بچے کے ساتھ آئی تھیں، اے ایف پی کو بتایا کہ ان کے بیٹے کے سکول نے گیمز کے سفر کا اہتمام اور خرچ اٹھایا تھا۔

انہوں نے کہا ’مجھے امید ہے کہ یہ اسے ان نئی ٹیکنالوجیز کے بارے میں مزید سیکھنے کی رغبت دے گا۔‘

مارچ میں چین نے روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت سمیت ٹیک سٹارٹ اپس کی حمایت کے لیے ایک کھرب یوآن فنڈ کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

سرکاری اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ یہ ملک پہلے ہی صنعتی روبوٹس کے لیے دنیا کا سب سے بڑا بازار ہے۔

ناظر چن نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ جلدی یونیورسٹی میں آٹومیشن کی پڑھائی شروع کرنے والے ہیں۔

’یہاں آنا اس شعبے کے لیے میرے جذبے کو پروان چڑھا سکتا ہے۔ میرا پسندیدہ مقابلہ باکسنگ ہے، کیونکہ... اس میں بہت پھرتی درکار ہوتی ہے اور میں واقعی دیکھ سکتا ہوں کہ روبوٹس پہلے سے کتنے بہتر ہو گئے ہیں۔‘

دریں اثنا کنگ فو کے مقابلے میں ٹرانسفارمر سیریز کے ایک چھوٹے روبوٹ جیسی ایک ڈیوائس ایک حرکت کرنے کی کوشش میں گر گئی۔

اٹھنے کی کوشش میں یہ روبوٹ زمین پر گول گھومتا رہا جبکہ تماشائی خوشی سے تالی بجاتے رہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی