پاکستان کی بلے باز سدرہ امین کی اتوار کو روایتی حریف انڈیا کے خلاف ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ کے دوران آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سرزنش کی گئی ہے۔
سدرہ نے کولمبو میں انڈیا کے خلاف 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، تاہم ان کی نصف سینچری پاکستان کو 88 رنز کی شکست سے نہ بچا سکی۔
یہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری ہار تھی۔ اس سے قبل ٹیم نے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں سات وکٹوں سے شکست کھائی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آئی سی سی نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ سدرہ نے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کی ہے، جو بین الاقوامی میچ کے دوران ’کرکٹ کے سازوسامان، لباس، یا میدان کے آلات اور فٹنگز کے غلط استعمال‘ سے متعلق ہے۔
انہوں نے 40 ویں اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد اپنا بیٹ زور سے پچ پر دے مارا تھا۔
سدرہ نے اپنی غلطی تسلیم کر لی اور میچ ریفری شاندری فرٹز کی تجویز کردہ سزا قبول کر لی۔
یہ ان کی دو سال میں پہلی خلاف ورزی تھی اور انہیں لیول 1 کی خلاف ورزی پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔
پاکستان اب بدھ کو کولمبو میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔