|
ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ کا آج 30 واں دن ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔ اس جنگ کی تازہ ترین اپ ڈیٹس۔ |
رات 10 بج کر 05 منٹ
ایران کی اصفہان یونیورسٹی پر دوبارہ فضائی حملہ، چار افراد زخمی
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کے وسطی شہر اصفہان میں واقع ایک یونیورسٹی پر اتوار کے روز امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ فضائی حملے کیے گئے، جو ایک ماہ قبل شروع ہونے والی جنگ کے بعد دوسرا حملہ ہے۔
یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان، جسے فارس خبر رساں ایجنسی نے نشر کیا، میں کہا گیا کہ اصفہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں اس حملے کو ’صہیونی-امریکی جارحیت‘ قرار دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ یونیورسٹی کے ایک تحقیقی ادارے پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اس واقعے میں یونیورسٹی کے عملے کے چار ارکان معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق نقصان کا مکمل تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
رات 9 بج کر 05 منٹ
افغان وزیر خارجہ اور ایران کے سفیر کا خطے کے موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال
افغانستان کی باختر نیوز ایجنسی کے مطابق افغانستان کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے آج اپنے دفتر میں افغانستان کے لیے ایران کے سفیر علی رضا بیکدلی سے ملاقات کی۔
وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کے موجودہ مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر شروع کیے گئے حملوں اور خطے میں جنگ کے پھیلاؤ کو پورے خطے کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات ترقی کی راہ پر ہیں۔
مولوی امیر خان متقی نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ صورت حال کے بارے میں ایرانی حکام کے مثبت موقف کو سراہا اور واضح کیا کہ افغانستان اصولی موقف اختیار کرتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے دونوں فریقین کے جائز مطالبات کے حل کی حمایت کرتا ہے۔
ملاقات میں ایران کے سفیر علی رضا بیکدلی نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شروع شدہ جنگ کے حوالے سے اپنے ملک کا موقف اور موجودہ صورت حال بیان کی، اور افغانستان و ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون، خصوصاً تجارتی تعلقات کو مثبت قرار دیا۔
سفیر بیکدلی نے یہ بھی کہا کہ ان کی قیادت افغانستان اور پاکستان کے درمیان موجودہ صورت حال کو قریب سے دیکھ رہی ہے اور اس کا حل پرامن انداز میں چاہتی ہے۔
رات 8 بج کر 55 منٹ
ایران پر حملوں میں ایک افغان خاندان کے چھ افراد جان سے گئے
افغانستان کی باختر نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں ایک افغان خاندان کے چھ افراد جان سے گئے۔
رپورٹس کے مطابق، یہ خاندان تہران کے علاقے شہرِ ری میں مقیم تھا اور جان سے جانے والے تمام افراد آپس میں قریبی رشتہ دار تھے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، اس حملے میں مجموعی طور پر 10 افراد جان سے گئے ، جن میں چھ افغان شہری شامل ہیں۔
اس سے قبل بھی ایران پر حملوں کے دوران ایک اور افغان شہری کے جان سے جانے کی اطلاع دی گئی تھی۔
ایران میں افغان مہاجرین کی بڑی تعداد کی موجودگی کے پیش نظر، اس واقعے کے بعد جنگ زدہ علاقوں میں مقیم افغان باشندوں کی سلامتی کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔
رات 8 بج کر 37 منٹ
ایران: پانچویں ہفتے میں داخل انٹرنیٹ پابندیاں، شہری متبادل ذرائع پر مجبور
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران میں ملک گیر انٹرنیٹ بلیک آؤٹ اتوار کے روز مسلسل 30ویں دن میں داخل ہو گیا، جس کے باعث لاکھوں شہری عالمی معلومات اور رابطوں سے محروم ہو چکے ہیں۔
یہ صورت حال امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے آغاز کے بعد پیدا ہوئی۔
انٹرنیٹ کی نگرانی کرنے والے ادارے نیٹ بلاکس کے مطابق یہ بندش پانچویں ہفتے میں داخل ہو چکی ہے اور مجموعی طور پر 696 گھنٹوں سے زائد وقت گزر چکا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران میں سنسرشپ کے اس اقدام نے عالمی انٹرنیٹ تک رسائی کو شدید حد تک محدود کر دیا ہے۔
اگرچہ ملک کا داخلی انٹرانیٹ سسٹم بدستور فعال ہے، جس کے ذریعے مقامی میسجنگ ایپس، بینکنگ پلیٹ فارمز اور دیگر خدمات جاری ہیں، تاہم عالمی انٹرنیٹ تک رسائی تقریباً معطل ہے۔
اس صورت حال کے باعث ایرانی شہریوں کو مجبوراً سرکاری کنٹرول والے پلیٹ فارمز یا مہنگے متبادل ذرائع استعمال کرنا پڑ رہے ہیں تاکہ وہ اپنے عزیز و اقارب سے رابطہ برقرار رکھ سکیں۔
رات 7 بج کر 17 منٹ
اسرائیل پر حوثیوں کے حملے کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں: فرانس
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانس نے اتوار کے روز یمن کے حوثیوں کی جانب سے اسرائیلی اہداف پر کیے گئے دو حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہے ہیں۔
حوثی ترجمان کے مطابق ایران کی حمایت یافتہ گروہ نے ہفتے کے روز اسرائیل میں ‘اہم اور فوجی مقامات‘ کو نشانہ بناتے ہوئے میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ اسی روز اسرائیل نے بھی ایران کی فوجی صنعت پر اپنے حملوں میں شدت لانے کا اعلان کیا تھا۔
یہ صورت حال ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری امریکی اور اسرائیلی بمباری کے بعد مزید بگڑ گئی ہے۔ اس بڑھتی ہوئی کشیدگی نے خطے کو وسیع جنگ کی طرف دھکیل دیا ہے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان پاسکل کونفاویرے نے حوثیوں کو تمام حملوں سے باز رہنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے اقدامات کو ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ کے نتیجے میں ہزاروں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ توانائی کی عالمی منڈیوں میں شدید عدم استحکام پیدا ہو گیا ہے، جو عالمی معیشت کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔
شام 6 بج کر 20 منٹ
اسرائیل کے صنعتی زون میں ایران کے میزائل حملے کے بعد دھماکے: اسرائیلی میڈیا
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے رپورٹ کیا ہے اتوار کے روز ایران کی جانب سے میزائل فائر کیے جانے کے بعد جنوبی اسرائیل کے صنعتی علاقے رامات ہوفاف میں دھماکے کی اطلاع ملی ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے میزائل حملے کی نشاندہی کے فوراً بعد اس واقعے کی خبریں سامنے آئیں۔
اسرائیلی ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی فوٹیج میں صحرائے نقیب میں واقع صنعتی کمپلیکس سے سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل اٹھتے ہوئے دکھائے گئے، جس سے علاقے میں کسی بڑے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تاحال میڈیا رپورٹس میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ دھماکے کی اصل وجہ کیا تھی، تاہم یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب اسرائیلی فوج نے ایران کی جانب سے ایک اور میزائل حملے کی تصدیق کی تھی۔
شام 5 بج کر 45 منٹ
امریکہ سفارت کاری کے باوجود زمینی حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے: سپیکر ایرانی پارلیمان
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے اتوار کے روز امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بظاہر مذاکرات کی بات کرتے ہوئے خفیہ طور پر زمینی حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک امریکی جنگی جہاز تقریباً 3,500 فوجیوں کے ساتھ مشرق وسطیٰ پہنچ چکا ہے۔
قالیباف کے مطابق امریکہ عوامی سطح پر مذاکرات اور بات چیت کے پیغامات دے رہا ہے، جبکہ پسِ پردہ زمینی کارروائی کی تیاری جاری ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایرانی افواج امریکی فوجیوں کا انتظار کر رہی ہیں تاکہ انہیں سخت جواب دیا جا سکے اور خطے میں ان کے اتحادیوں کو بھی سزا دی جا سکے۔
یہ پیش رفت ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری فضائی حملوں کے بعد سامنے آئی ہے، جن میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کو نشانہ بنایا گیا۔
اتوار کو ہی خطے کے اہم ممالک پاکستان میں مذاکرات کے لیے جمع ہوئے ہیں تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
یہ تنازع اب ایک وسیع علاقائی جنگ کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کے نتیجے میں توانائی کی عالمی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ پیدا ہوا ہے اور عالمی معیشت کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
امریکی بحری جہاز یو ایس ایس تریپولی، جو ایک ایمفیبیئس اسالٹ شپ ہے، جمعہ کے روز مشرق وسطیٰ پہنچا، جس پر تقریباً 3,500 میرینز اور سیلرز سوار ہیں۔
دن 4 بج کر 45 منٹ
لبنان: اسرائیلی حملے میں جان سے جانے والے تین صحافیوں کا جنازہ ادا
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے شویفات میں اتوار کے روز اسرائیلی فضائی حملے میں جان سے جانے والے تین صحافیوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جاں سے جانے والوں میں علی شعیب، جو المنار ٹی وی کے نامہ نگار تھے، فاطمه فتوني جو چینل المیادین ٹی وی کی رپورٹر تھیں، اور ان کے بھائی محمد، جو اسی ادارے کے کیمرہ مین تھے، شامل ہیں۔
یہ تینوں ہفتے کے روز جنوبی لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری جنگ کی کوریج کے دوران اپنی گاڑی پر ہونے والے حملے میں مارے گئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حملے میں علی شعیب کو نشانہ بنایا گیا، جن پر حزب اللہ کے انٹیلی جنس آپریٹو ہونے کا الزام عائد کیا گیا، تاہم اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب لبنانی حکام نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا ہے۔
جنگ کے باعث ایک خالی میدان کو عارضی قبرستان میں تبدیل کر کے میتوں کو وہاں سپردِ خاک کیا گیا۔
دن 4 بج کر 15 منٹ
انڈیا جانے والے دو ایل پی جی ٹینکرز آبنائے ہرمز عبور کر گئے: انڈین حکومت
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈین حکومت نے اتوار کو بتایا ہے کہ انڈیا جانے والے دو ایل پی جی ٹینکر بحفاظت آبنائے ہرمز عبور کر کے اپنی منزل کی روانہ ہو چکے ہیں۔
انڈین حکومت کے بیان میں کہا گیا کہ یہ دونوں ٹینکر، جن کے نام بی ڈبلیو ٹائر اور بی ڈبلیو ایلم ہیں، تقریباً 94 ہزار میٹرک ٹن مائع پیٹرولیم گیس لے کر جا رہے ہیں، جو گھریلو استعمال کے لیے نہایت اہم ایندھن ہے۔
حکام کے مطابق بی ڈبلیو ٹائر 31 مارچ کو ممبئی پہنچنے کی توقع ہے جبکہ بی ڈبلیو ایلم یکم اپریل کو نیو منگلور کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔
ادھر امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے باعث آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت تقریباً معطل ہو چکی ہے، تاہم ایران نے واضح کیا ہے کہ ’غیر معاندانہ جہاز‘ اس راستے سے گزر سکتے ہیں بشرطیکہ وہ ایرانی حکام کے ساتھ رابطہ رکھیں۔
یہ جہاز حالیہ دنوں میں اس حساس گزرگاہ سے کامیابی سے گزرنے والے انڈین پرچم بردار بحری جہازوں میں شامل ہیں۔
شپ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق چار ایل پی جی ٹینکر پہلے ہی یہ راستہ عبور کر چکے ہیں جبکہ مزید تین اب بھی آبنائے ہرمز کے مغربی حصے میں موجود ہیں اور اپنی باری کے منتظر ہیں۔
دن 12 بج کر 15 منٹ
ہرمز کے قریب امریکی۔ اسرائیلی میں پانچ افراد کی موت: ایرانی میڈیا
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اتوار کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں اہم آبنائے ہرمز کے قریب واقع ایران کے بندرگاہی شہر کی گودی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں پانچ افراد جان سے گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے رپورٹ کیا ہے کہ ’امریکی اور صہیونی دشمن نے بندر خمیر کی گودی پر مجرمانہ حملہ کیا، جس میں پانچ افراد جان سے گئے اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔‘ اے ایف پی
دوسری جانب اے ایف پی کے ایک صحافی نے بتایا کہ اتوار کو ایرانی دارالحکومت میں زوردار دھماکے سنے گئے۔
یہ دھماکے شمالی تہران میں سنے گئے اور شہر کے شمال مشرق میں متاثرہ علاقوں سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کس جگہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
صبح 11 بج کر 30 منٹ
ٹرمپ نے اسحٰق ڈار کی ایکس پوسٹ ری شیئر کر دی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی اس ایکس پوسٹ کو ری شیئر کیا ہے جس میں اسحٰق ڈار نے ہفتے کو بتایا تھا کہ ایران نے پاکستانی پرچم بردار مزید 20 بحری جہازوں کو آبنائے ہُرمز سے گزرنے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
صبح 11 بجے
بحرین اور عرب امارات میں ایلومینیم پلانٹس کو نشانہ بنایا: پاسداران انقلاب
ایران کے پاسداران انقلاب نے اتوار کو کہا ہے کہ انہوں نے اختتام ہفتہ پر بحرین اور متحدہ عرب امارات میں ایلومینیم کے پلانٹس پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، جن میں ان کے بقول امریکی فوج سے منسلک صنعتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کی جانب سے جاری ایک بیان میں، پاسداران نے کہا کہ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں ایلومینیم کی ایک تنصیب اور ایلومینیم بحرین کے مرکزی پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے، اور دونوں مقامات کو ’خطے میں امریکی فوج اور ایرو سپیس کے شعبوں سے وابستہ اور منسلک صنعتیں‘ قرار دیا۔
آئی آر جی سی نے کہا کہ یہ حملے خلیجی ممالک کے اڈوں سے ایرانی صنعتی بنیادی ڈھانچے پر کیے گئے امریکی اور اسرائیلی حملے کی جوابی کارروائی ہیں۔ اے ایف پی
صبح سات بجے
ایران کے خلاف جنگ، ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف امریکہ میں مظاہرے
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تارکین وطن کی ملک بدری کی جارحانہ کوششوں، ایران کے خلاف جنگ اور دیگر پالیسیوں کی مذمت کرنے والے مظاہرین ہفتے کو’نو کنگز‘ ریلیوں کے تیسرے مرحلے میں ملک بھر کے شہروں کی سڑکوں پر نکل آئے۔
گذشتہ دو ملک گیر مظاہروں میں لاکھوں شرکا کی شرکت کے بعد تمام 50 ریاستوں میں 3200 سے زیادہ مظاہروں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
احتجاج کے منتظمین نے بتایا کہ نیویارک، ڈیلس، فلاڈیلفیا اور واشنگٹن میں بڑی ریلیاں نکالی گئیں، لیکن نو کنگز کی دو تہائی ریلیاں بڑے شہروں کے باہر ہوئیں جو گذشتہ جون میں تحریک کی پہلی مہم کے مقابلے میں چھوٹے علاقوں میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ہے۔ روئٹرز
صبح چھ بج کر 45 منٹ
یمنی حوثیوں کا اسرائیل کے خلاف ’دوسرا فوجی آپریشن‘
یمن میں حوثیوں کے عسکری ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ تنظیم نے کروز میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف ’دوسرا فوجی آپریشن‘ کیا ہے۔
حوثیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر میزائلوں کی بوچھاڑ ایران، لبنان، عراق اور فلسطینی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو اسرائیل کی طرف سے مسلسل نشانہ بنانے کے بعد سامنے کی گئی۔
حوثیوں کے مطابق جب تک تمام محاذوں پر ’جارحیت ختم نہیں ہو جاتی، کارروائیاں جاری رہیں گی۔
قبل ازیں ہفتے کو حوثیوں نے اسرائیل پر بلیسٹک میزائل سے حملوں کا اعلان کیا تھا۔ روئٹرز
صبح چھ بج کر 30 منٹ
بغداد میں امریکی سفارت خانے پر حملہ کرنے والے ڈرونز مار گرائے: حکام
اے ایف پی نے سکیورٹی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے بغداد میں امریکی سفارت خانے کو نشانہ بنانے والے دو ڈرونز کو مار گرایا ہے، جو 10 دن میں سفارتی مشن پر اس طرح کا پہلا حملہ ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ ڈرونز کو گرین زون کے باہر مار گرایا گیا، جہاں سرکاری ادارے اور سفارتی مشن واقع ہیں۔
ایک دوسرے اہلکار نے تصدیق کی کہ ایک ’دھماکہ خیز‘ ڈرون سے ہونے والے حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔
صبح چھ بج کر 20 منٹ
پینٹاگون ایران میں زمینی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے: واشنگٹن پوسٹ
واشنگٹن پوسٹ نے ہفتے کو امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ دی کہ پینٹاگون ایران میں کئی ہفتوں کی زمینی کارروائیوں کی تیاری کر رہا ہے۔
اخبار کے مطابق یہ غیر یقینی ہے کہ آیا صدر ڈونلڈ ٹرمپ زمینی فوج تعینات کرنے کے منصوبوں کی منظوری دیں گے۔ روئٹرز