وزیرآباد کے علاقے مریم آباد میں ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ایک تیز رفتار ٹرک سڑک پر کھڑے لوگوں سے ٹکرا گیا جس سے 20 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ حادثہ اتوار کی رات علی پور چٹھہ روڈ پر مریم آباد مین سٹاپ کے قریب پیش آیا، جہاں ایسٹر رسومات کے بعد قبرستان سے واپسی پر یہ افراد کیتھولک چرچ کے قریب سڑک کنارے موجود تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا، جہاں تین افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد سفید رنگ کا ٹرک (ڈالہ) قبضے میں لے لیا گیا ہے تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، گاڑی کے ہیلپر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فادر شاہ رخ نتھنیال نے، جو وہاں موجود تھے، مسیحی ریڈیو ویریٹاس ایشیا سے بات کرتے ہوئے اسے ایک نہایت افسوسناک واقعہ قرار دیا جو تقریبا 3:00 بجے صبح پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ہم سب کے لیے حیران کن تھا کیونکہ یہ ایک بڑا جلوس تھا جس میں 200 سے زائد لوگ موم بتیاں پکڑے ہوئے اور الیلویا کے حمد گا رہے تھے۔‘
کیتھولک پادری نے پاکستان کے وزیر اعظم، پنجاب صوبے کے وزیر اعلیٰ اور سیکیورٹی فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں اور کمیونٹی کو انصاف فراہم کریں۔ انہوں نے اس حملے میں شدید زخمی افراد، خاص طور پر شدید زخمیوں کے لیے فوری طبی امداد کی اپیل کی۔