ایبٹ آباد کے مدرسے میں مسیحی بچوں کے لیے کرسمس کی تقریب

رحمت للعالمین اتھارٹی کی معاونت سے مسیحی بچوں کے لیے منعقدہ تقریب میں مسلمان طلبہ و طالبات نے مسیحی بچوں کو سکول بیگ اور کرسمس کے تحائف پیش کیے۔

مسلمان طلبہ و طالبات نے مسیحی بچوں کو سکول بیگ اور کرسمس کے تحائف پیش کیے (سبوخ سید)

ایبٹ آباد میں واقع مدنی جامع مسجد و مدرسہ ترتیل القرآن کے طلبہ و طالبات نے رحمت للعالمین اتھارٹی کی معاونت سے مسیحی بچوں کے لیے کرسمس کی تقریب کاانعقاد کیا، جہاں مسلمان طلبہ و طالبات نے مسیحی بچوں کو سکول بیگ اور کرسمس کے تحائف پیش کیے۔

 مسلم علما اور طلبہ نے مسیحی بچوں اور فادرز کی آمد پر گل پاشی کی اور انہیں خوش آمدید کہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رحمت للعالمین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے کہا کہ مسلمانوں اور مسیحیوں کے درمیان بے شمار مشترکات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں ایک ایسا معاشرہ قائم کرنا ہوگا، جس میں تنوع کو قبول کرتے ہوئے ایک دوسرے کے مذاہب اور نقطہ نظر کا احترام کیا جائے۔‘

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  مسجد کے امام اور معروف عالم دین مولانا سید اکبر علی شاہ نے کہا کہ اس قسم کی تقاریب کا دائرہ وسیع ہونا چاہیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تقریب سے خطاب میں مسیحی رہنماؤں ذاکر پال ایڈووکیٹ، پادری پیٹر نی روز گل،  پادری اسلم مسیح اور پادری کرسٹو فر نے کہا کہ ایبٹ آباد کی اس مسجد کے احاطے سے ایک نئی اور خوشگوار صبح کا آغاز ہو رہا ہے، جس کا پیغام سماج کو سدھارنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صحافی اور تقریب کے منتظم سبوخ سید، رحمت للعالمین اتھارٹی کے ڈائریکٹر ظفر محمود ملک اور معروف سکالر وقاص خان نے کہا کہ مسیحیوں سمیت دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے قیام پاکستان سے لے کر استحکام پاکستان تک بے شمار خدمات اور قربانیاں دی ہیں، جنہیں نصاب میں شامل کرکے نئی نسل کو ان کے کارناموں سے آگاہ کرنا چاہیے۔

تقریب میں مسلم اور مسیحی بچوں نے قرآن اور انجیل کی تلاوت کی۔

مسلم بچوں نے حمد اور  نعت پڑھی جبکہ مسیحی بچوں نے حضرت عیسیٰ ابن مریم کی آمد پر مقدس گیت پڑھے۔

مدرسے کی طالبات حلیمہ موسیٰ، اشمل شاہد، آئینہ مہتاب اور ایمن ارشاد نے  مسلم مسیحی تعلقات کے فروغ پر تقاریر کیں۔

تقریب کے اختتام پر مسلم بچوں نے مسیحی بچوں کو خود کھانا پیش کیا اور انہیں سکول بیگ اور کرسمس کے تحائف پیش کیے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل