آئی پی ایل میں سینچری بنا کر اپنی فارم میں واپس آنے کے بعد انڈین بلے باز وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ کرکٹ سے ان کی محبت انہیں آگے بڑھاتی ہے، لیکن انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کا کیریئر ’ایک دن ختم ہو جائے گا۔‘
اپنی نسل کے بہترین بلے بازوں میں شمار ہونے والے 37 سالہ کوہلی کروڑوں انڈین مداحوں کے ہیرو ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’کرکٹ یقیناً ایک ایسی چیز ہے جس سے میں سچی محبت کرتا ہوں۔ میں میدان میں اپنا دل اور جان لگا دیتا ہوں، چاہے میں فیلڈنگ کر رہا ہوں یا بیٹنگ، کیوں کہ یہ ایک دن ختم ہو جائے گا۔‘
کوہلی نے مسلسل دو بار صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد شاندار واپسی کی اور بدھ کو ناقابل شکست 105 رنز بنا کر دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو کو ایک اہم فتح دلوائی۔
انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی نویں سنچری بنائی جو اس سیزن کی ان کی پہلی سنچری ہے، جب بنگلورو نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف پانچ گیندیں باقی رہتے ہوئے 193 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔
کوہلی ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین 14 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ 409 اننگز میں انجام دیا اور کرس گیل کی 423 اننگز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ٹیسٹ اور ٹی 20 انٹرنیشنل سے ریٹائر ہونے والے کوہلی نے گذشتہ سال 18ویں کوشش میں بنگلورو کو ان کا پہلا ٹائٹل جتوایا تھا۔
بدھ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیے جانے کے بعد کوہلی نے کہا کہ ’مجھے اس سب کے بعد بھی بیٹنگ کرنا پسند ہے۔ یہ میرا دلی احساس ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’اس سطح پر کھیلنا کتنا بڑا اعزاز ہے، اور اب بھی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کا مقابلہ کرنا کتنا بڑا اعزاز ہے۔‘
’میں نے ساری زندگی بس یہی کیا ہے۔‘
کوہلی اس آئی پی ایل سیزن میں 12 میچوں میں 53.77 کی اوسط سے 484 رنز کے ساتھ بیٹنگ چارٹس میں تیسرے نمبر پر ہیں، جن میں تین نصف سنچریاں اور ایک سینچری شامل ہے۔
’لطف ابھی باقی‘
کوہلی کی 60 گیندوں پر مشتمل اننگز 11 چوکوں اور تین چھکوں سے مزین تھی، جس کے ساتھ انہوں نے ہدف کے کامیاب تعاقب میں جوس بٹلر کی تین آئی پی ایل سنچریوں کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
مسلسل زیادہ رنز بنانے کی وجہ سے ’کنگ کوہلی‘ کہلانے والے وراٹ نے ہدف کے تعاقب کے پہلے اوور میں ایک رن لے کر اپنا کھاتہ کھولا، اور مسلسل صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد طنزیہ انداز میں جشن مناتے ہوئے ہوا میں مکہ لہرایا۔
انہوں نے 32 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی، اور پھر اس سیزن کی اپنی پہلی سنچری بنائی۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں میدان میں گزرنے والے اپنے ہر دن کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتا ہوں، اور بس لطف اندوز ہونا اور خوب مزہ کرنا چاہتا ہوں۔‘
کوہلی نے کہا کہ انہیں آزمائش سے گزرنا پسند ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا کہنا تھا کہ ’میں دباؤ والی صورت حال کا منتظر رہتا ہوں، ایسے مناظر کا انتظار کرتا ہوں جہاں مجھے تھوڑی مشکل محسوس ہو۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’پھر میں خود کو چیلنج کرتا ہوں کہ، بس اسے کر گزرو۔
’اور، جب آپ کامیاب ہو جاتے ہیں، تو یہ آپ کو ایک بہتر کھلاڑی بناتا ہے۔ مجھے گیند کو بلے کے بیچوں بیچ مارنا بہت پسند ہے۔ اور وہ لطف اب بھی باقی ہے۔‘
کوہلی کی پہنی جانے والی انڈیا کی 18 نمبر جرسی ملک بھر کے میدانوں میں پہنی جانے والی اب تک کی سب سے مقبول چیز ہے۔
انہوں نے بارباڈوس میں 2024 کے ورلڈ کپ فائنل کی فتح میں میچ جتوانے والی اننگز کے ساتھ اپنے ٹی 20 کیریئر کا اختتام کیا۔