انڈین بورڈ کے کہنے پر بنگلہ دیشی بولر آئی پی ایل سے باہر

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مطابق اس نے انڈین کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر مستفیض الرحمان کو ٹیم سے ریلیز کر دیا۔

بنگلہ دیشی بولر مستفیض الرحمان 30 اکتوبر، 2023 کو کولکتہ میں پریکٹس کر رہے ہیں (اے ایف پی)

کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ہفتے کو بتایا کہ اس نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی ہدایت پر بنگلہ دیش کے تیز بولر مستفیض الرحمان کو ٹیم سے ریلیز کر دیا۔

یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان سامنے آیا۔

بنگلہ دیش کے ضلع میمن سنگھ میں ایک ہندو فیکٹری ملازم دیپو چندر داس کو ہجوم نے مبینہ طور پر توہین مذہب کے الزام میں مار پیٹ کر آگ لگا دی تھی۔

اس کیس میں مجموعی طور پر 12 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں گذشتہ ماہ نئی دہلی میں واقع بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے قریب سینکڑوں لوگوں نے احتجاج کیا۔

اس واقعے نے انڈیا اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات مزید خراب کر دیے، جو پہلے ہی کشیدہ تھے کیونکہ 2024 میں بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ پرتشدد احتجاج کے بعد نئی دہلی منتقل ہو گئی تھیں۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیو جیت سائیکیا نے نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا ’حالیہ صورت حال کے پیش نظر بی سی سی آئی نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ایک کھلاڑی، بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان، کو سکواڈ سے ریلیز کریں۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’اگر ٹیم چاہے تو متبادل کھلاڑی کی درخواست کر سکتی ہے اور بی سی سی آئی اس کی منظوری دے گا۔‘

30 سالہ مستفیض اس سے قبل آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد، ممبئی انڈینز، راجستھان رائلز، چنئی سپر کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے لیے کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے 60 میچوں میں 65 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں گذشتہ ماہ کولکتہ نے 92 ملین انڈین روپے کی فیس کے عوض خریدا تھا، جس نے انہیں آئی پی ایل تاریخ کا سب سے مہنگا بنگلہ دیشی کھلاڑی بنا دیا۔

کولکتہ نے اپنے بیان میں کہا ’آئی پی ایل قوانین کے مطابق بی سی سی آئی کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو متبادل کھلاڑی کی اجازت دے گا اور مزید تفصیلات مناسب وقت پر فراہم کی جائیں گی۔‘

روئٹرز نے مستفیض الرحمان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ آئی پی ایل کا 19واں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہوگا۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ