پاکستان، قطری وزرائے اعظم کی ملاقات: تجارت، دفاع بڑھانے پر بات چیت

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم پاکستان 24 فروری 2026 کو دوحہ میں قطر کے وزریر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے ملاقات کی (وزیر اعظم آفس)

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو دوحہ میں قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے ملاقات کی جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات بھی موجود تھے۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستان اور قطر کے وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات میں علاقائی مسائل بشمول غزہ میں پیشرفت اور خلیج کی سلامتی کے وسیع تر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو دوحہ میں قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید سے ملاقات میں دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھانے پر زور دیا تھا۔

ڈاکٹر احمد بن محمد السید پاکستان، قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں اور ملاقات میں پاکستان، قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فالو اپ پر بھی تبادلہ خیال کیا اور طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت سے ملاقات میں دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا گیا اور ’وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے اور قطر کو پاکستان کی برآمدات خاص طور پر زرعی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء اور ویلیو ایڈڈ اشیاء کی برآمدات کو متنوع بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔‘

وزیر اعظم نے پاکستان کی سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل  کے کردار سے بھی ڈاکٹر احمد بن محمد السید کو آگاہ کیا۔

 ’دونوں فریقین نے رمضان المبارک کے دوران دونوں ممالک کے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس سرمایہ کاری کی تجاویز پر تبادلہ خیال جائے گا۔‘

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے اور سرمایہ کاری کے حصول کی وسیع تر کوششوں کے تحت خلیجی شراکت داروں کے ساتھ اقتصادی روابط بڑھانے کا خواہاں ہے، جبکہ اہم علاقائی ریاستوں کے ساتھ سلامتی اور دفاعی تعاون بھی برقرار رکھے ہوئے ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان