بیرونی سرپرستی میں ’دہشت گردی‘ سے پاکستان کی ترقی نہیں روکی جا سکتی: فیلڈ مارشل

وزیراعظم شہباز شریف بھی منگل کو ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں وہ نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

10 مئی، 2026 کی اس تصویر میں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے(سکرین گریب: پی ٹی وی)

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے منگل کو کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کو پروپیگنڈہ، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی ’دہشت گردی‘ کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا۔

انہوں نے یہ بات کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں زیر تعلیم افسروں اور فیکلٹی ممبرز سے خطاب میں کہی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ ’دشمن قوتیں پراکسیز اور پروپیگنڈہ کے ذریعے پاکستان کی پیش رفت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں، مگر ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کی وجہ سے یہ کوششیں ناکام ہوں گی۔‘

چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس سٹاف نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار کو بھی اجاگر کیا اور ابھرتی ٹیکنالوجیز، کثیر جہتی آپریشنز، تینوں افواج کے باہمی تعاون اور مستقبل کے میدان جنگ کے چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

موجودہ سکیورٹی صورت حال کی نوعیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ ہر قسم کی ’دہشت گردی‘ کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں۔

بلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ طویل مدتی ترقی کا انحصار عوام پر مبنی حکمت عملی، ہمہ گیر ترقی اور بہتر طرز حکمرانی پر ہے، جو سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ ضروری ہے۔

بلوچستان کو بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لیے حکومت مربوط کوششیں کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی منگل کو ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے ہیں جہاں وہ صوبائی قیادت سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف ’دہشت گردی‘ کے خاتمے کے لیے مرتب کردہ ’نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان