سری لنکا میں 40 ملکوں کے لیے ویزہ فیس ختم، کیا پاکستان بھی شامل ہے؟

اب 40 ممالک کے شہری سری لنکا کے لیے مفت الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ای ٹی اے) حاصل کرنے کے اہل ہوں گے، جس کے تحت وہ 30 دن تک سفر کر سکیں گے۔

31 مارچ 2025 کو لی گئی اس تصویر میں وسطی سری لنکا کے علاقے کینڈالاما میں واقع ہوٹل امبا یاالو میں سیاحوں کی آمد دکھائی گئی ہے (اے ایف پی)

سری لنکا نے برطانیہ سمیت درجنوں دیگر ممالک کے شہریوں کے لیے ویزہ فیس ختم کر دی ہے۔

اب 40 ممالک کے شہری سری لنکا کے لیے مفت الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (ای ٹی اے) حاصل کرنے کے اہل ہوں گے، جس کے تحت وہ 30 دن تک سفر کر سکیں گے۔

سری لنکا کے محکمہ امیگریشن نے وضاحت کی ہے کہ اگرچہ اب کوئی فیس ادا نہیں کرنا ہوگی، تاہم ان ممالک کے شہریوں کو ملک میں داخلے کے لیے اب بھی ای ٹی اے کے لیے درخواست دینا اور اسے حاصل کرنا ضروری ہوگا۔

محکمے نے مزید کہا کہ 25 مئی سے قبل، جب یہ تبدیلیاں نافذ ہوئیں، درخواست دہندگان کی جانب سے ادا کی گئی کوئی بھی فیس واپس نہیں کی جائے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جو افراد مقررہ 30 دن سے زیادہ قیام کے لیے ویزہ میں توسیع چاہتے ہیں، وہ ایسا کر سکتے ہیں، تاہم انہیں اس کے لیے فیس ادا کرنا ہوگی۔

جن 40 ممالک کے شہریوں کو اب فیس ادا نہیں کرنا ہوگی، ان میں آسٹریلیا، آسٹریا، بحرین، بیلاروس، بیلجیئم، کینیڈا، چین، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، انڈیا، انڈونیشیا، ایران، اسرائیل، اٹلی، جاپان، قازقستان، کویت، ملائیشیا، نیپال، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، ناروے، عمان، پاکستان، پولینڈ، قطر، روس، سعودی عرب، جنوبی کوریا، سپین، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، تھائی لینڈ، ترکی، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔

ان ممالک کے وہ شہری جو سفارتی، سرکاری، سروس یا عام پاسپورٹ رکھتے ہیں، نئی سکیم کے تحت مفت ای ٹی اے حاصل کر سکتے ہیں۔

جب گذشتہ سال وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ نے اس سکیم کا اعلان کیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ ویزہ فیس ختم کرنے سے سری لنکن حکومت کو سالانہ 50 ملین پاؤنڈ تک نقصان برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔

تاہم وزیر کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا، جس سے دیگر شعبوں میں معاشی فوائد حاصل ہوں گے اور یہ نقصان پورا ہو جائے گا۔

گذشتہ سال جولائی میں وجیتھا ہیراتھ نے کہا تھا کہ سری لنکا کی سیاحت کی صنعت دن بہ دن مسلسل ترقی کر رہی ہے اور توقع ہے کہ سیاحت کا شعبہ قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا: ’ہم نے معیشت کو مستحکم کر لیا ہے اور سیاحت میں پالیسی تبدیلیوں کے ذریعے ہم سیاحوں کی آمد میں مسلسل اضافے کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ ‘

سری لنکا ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق اس سال اب تک سری لنکا میں 990,032 سیاح آ چکے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں تنازعے کے آغاز کے باعث مارچ کے اوائل میں پروازیں منسوخ ہونے کے بعد سیاحوں کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

مارچ میں سیاحوں کی تعداد تقریباً 20 فیصد کم ہو کر 184,000 رہ گئی، جبکہ گذشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد 229,000 تھی۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا