افغانستان کے مشرقی صوبے لغمان میں ہفتے کو پاکستان سے واپس آنے والے افغان پناہ گزینوں کو لے جانے والا ایک ٹرک ہفتے کو بے قابو ہو کر کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد جان سے گئے اور 36 زخمی ہو گئے۔
افغانستان کے صوبائی گورنر کے ترجمان عبد المالک نیازی نے بتایا کہ حادثہ کابل اور صوبہ ننگرہار کو ملانے والی مرکزی شاہراہ پر پیش آیا۔
ان کا کہنا ہے کہ جان سے جانے والوں میں 10 بچے اور پانچ خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو ننگرہار کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
صوبائی محکمہ صحت کے سربراہ امین اللہ شریف نے خبر رساں ادارے اے پی کو اموات اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث ٹرک حادثے کا شکار ہوا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
حادثے کا شکار ہونے والے مسافر ان ہزاروں افغان پناہ گزینوں میں شامل تھے جو حالیہ مہینوں میں پاکستان سے واپس افغانستان آئے ہیں۔
پاکستان نے 2023 میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی شروع کی تھی، جس کے بعد بڑی تعداد میں افغان شہریوں کو ملک چھوڑنا پڑا یا انہیں واپس بھیجا گیا۔
اسی دوران ایران نے بھی افغان پناہ گزینوں کی بے دخلی کی مہم تیز کر دی تھی۔
دوسری جانب مشرقی صوبے نورستان میں ایک الگ حادثے میں جمعے کی شب ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر دریا میں جا گری، جس میں ڈرائیور زخمی ہو گیا جبکہ چار مسافر لاپتہ ہیں۔
صوبائی حکام کے مطابق امدادی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔