ٹی ٹی پی کے ڈرون سپلائی نیٹ ورک کا اہم رکن گرفتار: سی ٹی ڈی سندھ

اس مشترکہ آپریشن کو ملک کی تاریخ میں ’اپنی نوعیت کی پہلی اور اہم ترین کامیابی‘ قرار دیتے ہوئے سی ٹی ڈی نے کہا کہ ملزم یہ سامان کراچی کی مختلف مارکیٹوں اور آن لائن پلیٹ فارمز سے منگواتا تھا۔

13 جون 2026 کو کالعدم ٹی ٹی پی کو ڈرون ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے ملزم طاہر اور اس سے برآمد کیے گئے سازوسامان کی تصویر (سی ٹی ڈی سندھ)

سندھ پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ہفتے کو کہا ہے کہ وفاقی حساس اداروں کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور دھماکہ خیز مواد فراہم کرنے والے نیٹ ورک کے ایک اہم رکن کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ترجمان سی ڈی سندھ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں اس مشترکہ آپریشن کو ملک کی تاریخ میں ’اپنی نوعیت کی پہلی اور اہم ترین کامیابی‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ گرفتار ’ملزم طاہر کا بھائی طلال عرف زید بلوچ ٹی ٹی پی کا فعال رکن اور افغانستان میں مقیم ہے۔‘

اسلام آباد کا موقف ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے جنگجو افغانستان میں مقیم ہیں اور وہاں سے پاکستان میں حملے کرتے ہیں، جنہیں افغان طالبان کی سرپرستی حاصل ہے، تاہم کابل ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ’ملزم کوٹی ٹی پی کے لیے الیکٹرانکس سامان، جدید ڈرون، موبائل فون، بیٹریاں، چپس، انورٹرز اور دیگر آلات فراہم کرنے کا ذمہ دار بنا رکھا تھا۔‘

مزید کہا گیا کہ ’طلال کی ہدایت پر ملزم ڈرون موٹرز، فرہم، پروپیلرز ، بیٹریاں اور آئی ای ڈی بنانے کے لیے مائیکرو کنٹرولرز، نٹ بولٹ، کلپ وائر، ہیٹ شرنک ٹیوب اور دیگر الیکٹرانکس اشیا، ڈرونز اور موبائل فونز خریدتا تھا۔‘

اگرچہ سی ٹی ڈی نے یہ نہیں بتایا کہ ملزم کو کہاں سے گرفتار کیا گیا، تاہم پریس ریلیز کے مطابق ملزم ’یہ سامان کراچی کی مختلف مارکیٹوں مثلاً صدر، بولٹن مارکیٹ، رنچھوڑ لائن اور آن لائن پلیٹ فارم دراز اور Allrc  سے منگواتا تھا۔‘

مزید کہا گیا کہ ’ملزم کے اعترافات اور شواہد سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ یہ سامان آئی ڈی بموں، خودکش جیکٹس اور خاص طور پر ڈرون حملوں میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے لیے منگوایا جاتا تھا۔‘

سی ٹی ڈی اور وفاقی سول حساس اداروں نے ایک ٹیم تشکیل دے دی ہے اور ملزم کے انکشاف پر مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔

ساتھ ہی شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں مشکوک سرگرمیوں یا غیر معمولی الیکٹرانکس سامان کی خرید و فروخت کی اطلاع فوری طور پر سی ٹی ڈی ہیلپ لائن (3) 1102 پر دیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان