پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو 29 جون کو باضابطہ طور پر نئے مالکان کے حوالے کیے جانے کے بعد نئی انتظامیہ نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر کو پی آئی اے کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جنہیں دفاع، عوامی انتظامیہ، کارپوریٹ گورننس اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں چار دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔
جنرل انور علی حیدر ان شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں فوج، حکومت، تعلیمی اداروں اور کارپوریٹ شعبے میں اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔
انور علی حیدر کا کیریئر
لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر کا عسکری کیریئر تقریباً چار دہائیوں پر محیط ہے، جس کے دوران انہوں نے پاک فوج کے مختلف اہم کمانڈ، سٹاف اور تربیتی عہدوں پر خدمات انجام دیں۔
منصوبہ بندی، ادارہ جاتی اصلاحات، تنظیمی قیادت اور انتظامی امور میں ان کی مہارت میں شامل ہیں۔
اپنے کیریئر کے اختتامی مرحلے میں وہ ایڈجوٹنٹ جنرل پاکستان آرمی اور چیف آف آرمی سٹاف کے پرنسپل سٹاف آفیسر رہے، جہاں ان کے ذمے انسانی وسائل، فلاحی منصوبوں، نظم و ضبط، رہائشی اسکیموں اور پالیسی سازی جیسے اہم شعبوں کی نگرانی تھی۔
تاہم ان ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ انہوں نے فوج سے وابستہ رفاہی اور کاروباری اداروں کی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔
فوجی فاؤنڈیشن کے فلاحی و تجارتی منصوبوں کی توسیع، ادارہ جاتی استحکام اور مستقبل کی حکمت عملی کی تشکیل میں ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
وہ آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین بھی رہے، جہاں انہوں نے فلاحی سرگرمیوں کو مؤثر انتظام اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر خصوصی توجہ دی۔
لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر فوجی خدمات سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اہم قومی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وہ 2023-24 کی نگراں وفاقی کابینہ میں وفاقی وزیر دفاع اور وزیر دفاعی پیداوار رہے جبکہ وہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کے رکن بھی رہے۔
اس سے قبل وہ عمران خان کی حکومت کے دوران ’نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ‘کے چیئرمین رہے۔
انہوں نے تعلیم کے میدان میں بھی خدمات انجام دیں۔ وہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے بورڈز کے رکن رہے، جبکہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر بھی رہے۔
جنرل انور علی حیدر نے امریکہ کے یو ایس آرمی وار کالج سے سٹریٹیجک سٹڈیز میں ماسٹرز اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے وار سٹڈیز میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔
انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) اور چیف آف آرمی سٹاف کمنڈیشن کارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر کی تقرری محض ایک انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ قومی ایئرلائن کے لیے ایک نئے باب کا آغاز سمجھی جا رہی ہے۔