دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک کرسٹیانو رونالڈو کا پرتگال کو ورلڈ کپ جتوانے کا خواب ادھورا ہی رہ گیا جب وہ پیر کو سپین کے ہاتھوں ہار کر راؤنڈ آف 16 سے ہی باہر ہو گئے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کرسٹیانو رونالڈو کا آخری عالمی کپ تھا لیکن اپنے مستقبل کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال ’جلدی میں کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے۔‘
رونالڈو کی کپتانی میں پرتگال پیر کو سپین کے خلاف میچ صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہارا۔
اس میچ کی جیتنے والی ٹیم نے آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنانی تھی اسی لیے سپین اور پرتگال نے میچ میں انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا اور جلدی بازی میں ایک دوسرے کو گول کا کوئی موقع نہیں دیا۔
ایسے میں دونوں ٹیموں کی جانب سے ایکسٹرا ٹائم اور اس کے بعد پینلٹیز کی تیاری کے طور پر کھلاڑیوں کو بدلنے کا سلسلہ شروع ہو گیا مگر اسی دوران جب ریفری نے چھ اضافی منٹ دیے تو سپین کے میرینو نے میچ کا واحد گول کر کے کرسٹیانو رونالڈو کی تمام تر امیدیں توڑ دیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میچ کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے بتایا کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ تھا لیکن وہ مستقبل کا فیصلہ جلدی میں نہیں کرنا چاہتے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ ’یہ میرا آخری ورلڈ کپ تھا، لیکن مجھے آگے کا سوچنے، فیملی کے ساتھ ہونے اور غلط فیصلہ نہ کرنے کے لیے وقت چاہیے۔‘
رونالڈو نے کہا کہ ’یہی فٹ بال ہے، یہی فٹ بالر کی زندگی ہے۔ کبھی آپ جیتتے ہو، کبھی آپ ہار جاتے ہو اور آپ کو آگے بڑھنا ہوتا ہے۔‘
پرتگال سے جیتنے کے بعد سپین نے آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنا لی جہاں اس کا مقابلہ بیلجیم سے ہو گا۔
بیلجیم نے فیفا ورلڈ کپ کے تیسرے میزبان ملک امریکہ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے اب تینوں میزبان ملک امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو عالمی مقابلوں سے باہر ہو چکے ہیں۔