بالآخر شریاس ایئر کو ہرارے میں جمعرات کو ٹی 20 انٹرنیشنل میں بطور کپتان کامیابی مل ہی گئی، جب انڈیا نے چھ میچوں میں مسلسل چھ شکستوں کا منہ دیکھنے کے بعد عالمی رینکنگ میں سب سے نیچے ٹیموں میں سے ایک زمبابوے کے خلاف اپنی پہلی فتح سمیٹی۔
15 سالہ ویبھو سوریہ ونشی نے کھیلے گئے میچ میں اپنی پہلی بین الاقوامی نصف سنچری سکور کی، جس کی بدولت انڈیا نے زمبابوے کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
سوریہ ونشی نے صرف 18 گیندوں پر 50 رنز بنائے تاہم وہ اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے جب انہوں نے رچرڈ نگاراوا کی گیند پر کٹ کھیلنے کی کوشش میں ٹاپ ایج دے دیا۔ اس وقت انڈیا کا سکور دو وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز تھا۔
اس سے قبل زمبابوے نے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سوریہ ونشی نے رواں ماہ سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ کر انڈیا کی نمائندگی کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا تاہم انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی تھی جہاں انہوں نے 14، 13 اور 15 رنز بنائے۔
انہیں آخری میچ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا اور انڈیا یہ سیریز چار صفر سے ہار گیا تھا۔ انگلینڈ نے انڈیا کو ون ڈے سیریز میں بھی شکست دی تھی۔ اس سے قبل آئرلینڈ نے بھی پہلی بار انڈیا کو دو صفر سے وائٹ واش کیا تھا۔
سلیکٹرز کو امید تھی کہ سوریہ ونشی ہرارے کے اسی میدان پر نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف سیریز میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے جہاں انہوں نے فروری میں انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 80 گیندوں پر 175 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔