آئی اے ٹی اے نے پاکستانی نژاد خاتون کو نئی ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے رواں ہفتے اعلان کیا ہے کہ اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستانی نژاد سوئس خاتون سعدیہ زاہدی کو تنظیم کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا ہے۔

15 جنوری 2019: ورلڈ اکنامک فورم کی منیجنگ ڈائریکٹر سعدیہ زاہدی جنیوا میں ورلڈ اکنامک فورم (WEF) کے سالانہ اجلاس 2019 سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی ہیں(تصویر: اے ایف پی)

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) نے رواں ہفتے اعلان کیا ہے کہ اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستانی نژاد سوئس خاتون سعدیہ زاہدی کو تنظیم کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق آئی اے ٹی اے دنیا بھر کی 370 سے زائد ایئرلائنز کی نمائندگی کرتی ہے اور عالمی فضائی ٹریفک کے تقریباً 85 فیصد حصے کی نمائندہ تنظیم ہے، محفوظ، پائیدار اور مؤثر عالمی ہوابازی کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں کام کرتی ہے۔

سعدیہ زاہدی یکم نومبر سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ پاکستان ٹی وی کے مطابق وہ پاکستان کے شہر لاہور میں پیدا ہوئیں، وہ آئی اے ٹی اے کی نویں ڈائریکٹر جنرل ہوں گی اور اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بھی ہوں گی۔

وہ ورلڈ اکنامک فورم (WEF) سے آئی اے ٹی اے میں شامل ہو رہی ہیں، جہاں وہ منیجنگ ڈائریکٹر اور منیجنگ بورڈ کی رکن ہیں۔

آئی اے ٹی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور LATAM ایئرلائنز گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر روبرٹو الوو نے اس ہفتے جاری ہونے والے بیان میں کہا کہ ’بورڈ سعدیہ زاہدی کو آئی اے ٹی اے کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کرتے ہوئے بہت خوش ہے۔

’ورلڈ اکنامک فورم میں ان کا طویل اور شاندار تجربہ عالمی ایئرلائن صنعت کی آواز کے طور پر آئی اے ٹی اے کو مزید مضبوط اور مؤثر بنائے گا۔‘

سعدیہ زاہدی نے سمتھ کالج سے معاشیات میں بی اے، دی گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ سے بین الاقوامی معاشیات میں ایم فل، اور ہارورڈ یونیورسٹی سے ماسٹر آف پبلک ایڈمنسٹریشن (MPA) کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

انہوں نے ورلڈ اکنامک فورم کے سینٹر فار دی نیو اکانومی اینڈ سوسائٹی کی بنیاد رکھی اور اس وقت اس کی سربراہی کر رہی ہیں۔

ماضی میں وہ ورلڈ اکنامک فورم کے گلوبل کمیونیکیشنز گروپ، گلوبل پروگرامنگ گروپ اور تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ ادارے کے روابط کی قیادت بھی کر چکی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ویمنز اکنامک ایمپاورمنٹ پینل اور یورپی خلائی ایجنسی کے اعلیٰ سطحی مشاورتی گروپ کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔

سعدیہ زاہدی نے کہا کہ وہ اس اہم موقع پر ایئرلائن صنعت کی نمائندگی، قیادت اور خدمت کے آئی اے ٹی اے کے مشن کو آگے بڑھانے پر خود کو ’باعزت‘ محسوس کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہوابازی اقتصادی ترقی، تجارت، سیاحت، روزگار، سرمایہ کاری اور مواقع کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل شعبہ ہے۔

’تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں صنعت کو قابلِ اعتماد معیارات، ضروری خدمات اور مؤثر مہم کے ذریعے یکجا رکھنے میں آئی اے ٹی اے کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے۔‘

آئی اے ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعدیہ زاہدی نے مزید کہا کہ ’میں اپنی رکن ایئرلائنز، حکومتوں اور شراکت دار اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کی منتظر ہوں تاکہ آئی اے ٹی اے کی مضبوط بنیادوں کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

’اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہوابازی دنیا کو آپس میں جوڑتی رہے، جدت کو اپنائے، اپنی صلاحیت میں اضافہ کرے اور پائیدار ترقی کو فروغ دے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین