دفاعی معاہدہ: سعودی عرب کی عمارتیں سعودی، پاکستانی اور ترک پرچموں سے روشن

سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں روشنیوں کی اس سجاوٹ کے ذریعے تاریخی معاہدے پر بڑے پیمانے پر عوامی مسرت کی عکاسی کی گئی۔

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کی خوشی میں جمعے کی رات سعودی عرب بھر کے نمایاں مقامات اور ٹاورز سعودی، پاکستانی اور ترکی  کے قومی پرچموں سے جمگا اٹھے۔

سعودی خبر رساں ادارے (ایس پی اے) کے مطابق سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں روشنیوں کی اس سجاوٹ کے ذریعے اس تاریخی معاہدے پر بڑے پیمانے پر عوامی مسرت کی عکاسی کی۔

سعودی عرب، پاکستان اور ترکی نے گذشتہ روز  مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں ایک مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت کسی ایک ملک پر مسلح حملہ ان سب کے خلاف حملہ سمجھا جائے گا۔

یہ معاہدہ اجتماعی سکیورٹی کو مضبوط بنانے، مشرق وسطیٰ اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے حصول اور ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کے لیے جدوجہد کرنے کے حوالے سے تینوں ممالک کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔ 

مملکت کی عمارتوں پر قومی پرچم روشن کرکے مسرت کا یہ اظہار سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کو متحد کرنے والے شاندار تعلقات، گہرے تاریخی روابط اور اسلامی یکجہتی کو اجاگر کرتا ہے۔ 

تینوں ملکوں کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ مشترکہ سٹریٹیجک مفادات اور قریبی فوجی تعاون کے متفقہ عزم کی بدولت، بھائی چارے کے  رشتوں پر استوار ہے۔ 

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات کے ساتھ ترکی کے ساتھ بڑھتا ہوا تعاون بھی خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے فروغ کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

سفارتی حلقے اسے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے ہی طے پانے والے دفاعی معاہدے کی توسیع قرار دے رہے ہیں۔ 

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا