’نہیں معلوم آپ کے بغیر کیا کروں گا‘: میسی کا والد کے نام جذباتی پیغام

لیونل میسی نے اپنے والد کے انتقال کے بعد اعتراف کیا ہے کہ وہ ’یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ وہ مزید کتنے عرصے تک فٹ بال کھیلیں گے‘۔

لیونل میسی 12 اگست 2026 کو فلوریڈا میں انٹر میامی کی جانب سے میچ کھیلے (اے ایف پی)

لیونل میسی نے اپنے والد کے انتقال کے بعد اعتراف کیا ہے کہ وہ ’یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ وہ مزید کتنے عرصے تک فٹ بال کھیلیں گے‘۔

میسی کے والد، خورخے، گذشتہ ہفتے 68 برس کی عمر میں ایک طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

خورخے میسی کے کیریئر میں انتہائی بااثر شخصیت تھے۔ وہ 14 سال کی عمر سے ارجنٹائن کے اس سٹار کے ایجنٹ بھی رہے اور ان کے کیریئر کو آگے بڑھاتے ہوئے انہیں دنیا کے اب تک کے عظیم ترین فٹ بالرز میں سے ایک بننے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ایک جذباتی خراجِ عقیدت میں لیونل میسی نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ اپنے والد کے بغیر وہ فٹ بال ’کیسے جاری رکھیں گے‘، جس سے 39 سالہ کھلاڑی کے ریٹائرمنٹ لینے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

میسی نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ میں آپ کے بغیر کیا کروں گا۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں کیسے آگے بڑھوں گا۔ میں تو صرف فٹ بال کھیلا کرتا تھا، اور اب مجھے واقعی یقین نہیں کہ میں مزید زیادہ عرصے تک یہ کھیل جاری رکھوں گا یا نہیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Leo Messi (@leomessi)

’آپ ابتدا ہی سے میرے ساتھ تھے۔ اختتام تک پہنچنے میں بس تھوڑا سا وقت باقی رہ گیا تھا۔ آپ تھوڑا اور کیوں نہیں ٹھہر سکے تاکہ ہم اسے ایک ساتھ مکمل کر سکتے؟‘

میسی نے 2022 میں قطر میں ارجنٹائن کو ورلڈ کپ جتوایا تھا، لیکن وہ اس موسمِ گرما میں اس کامیابی کو دوبارہ حاصل نہ کر سکے، جب لا البی سیلیستے کو فائنل میں سپین کے ہاتھوں اضافی وقت میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ میچ میسی کے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام سمجھے جانے کی توقع تھی، جبکہ فائنل کے بعد ایک جذباتی پریس کانفرنس میں ارجنٹائن کے کوچ لیونل اسکالونی نے بھی ان کے مستقبل کے بارے میں مزید شکوک پیدا کر دیے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میسی کو پھر بھی انٹر میامی کے ساتھ مزید کئی سال کلب فٹ بال جاری رکھنا تھا، کیونکہ انہوں نے گذشتہ موسمِ خزاں میں ایم ایل ایس کلب کے ساتھ 2028 تک معاہدے میں توسیع کی تھی۔

لیکن اب جبکہ ارجنٹائن کے سپر سٹار اپنے والد کے انتقال پر سوگ منا رہے ہیں، یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا میسی اپنے فٹبال کیریئر کو مزید آگے بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہیں یا نہیں۔

آٹھ مرتبہ بیلن ڈیور جیتنے والے میسی، خورخے کے انتقال کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ وطن واپس لوٹ گئے تھے۔ خورخے کا انتقال ارجنٹائن کے آبائی شہر روساریو کے ایک ہسپتال میں ہوا تھا۔

میسی انٹر میامی کی مونٹیری کے خلاف شکست میں شریک نہیں ہوئے۔ اس میچ کے دوران ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں، جبکہ روڈریگو ڈی پال نے اپنے گول کے جشن کے دوران میسی کے والد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اتوار کو روساریو کے نواحی قصبے پیریز کے ایک قبرستان میں نجی طور پر آخری رسومات ادا کی گئیں۔

میسی نے اپنے خراجِ عقیدت میں مزید لکھا ’والد، مجھے اب بھی یقین نہیں آ رہا کہ آپ جا چکے ہیں۔ یہ حقیقت ابھی میرے دل و دماغ میں پوری طرح اتری نہیں، بلکہ شاید میں اسے قبول ہی نہیں کرنا چاہتا۔

’میرے لیے یہ تصور کرنا بہت مشکل ہے کہ میں آپ کو دوبارہ کبھی نہیں دیکھوں گا، ہم دوبارہ کبھی بات نہیں کریں گے۔ میں جانتا ہوں کہ آپ تکلیف میں تھے اور یہ آپ کے لیے بہتر ہے، لیکن آپ بہت جلد چلے گئے۔ ہمارے پاس اب بھی ایک ساتھ لطف اندوز ہونے کے لیے بہت کچھ باقی تھا۔‘

© The Independent

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال