ہمیں ’دھوکے‘ سے ہرایا، شاید وہ میسی کو رکھنا چاہتے تھے: مصری کوچ

سوشل میڈیا صارفین اور ہزاروں فینز کی طرح مصری ٹیم کے کوچ اس میچ میں شکست اور ریفری کے کردار سے شدید ناخوش دکھائی دے رہے ہیں۔

ارجنٹینا کے ساتھ ورلڈ کپ میچ کے دوران 7 جولائی 2026 کو مصری ہیڈ کوچ حسام حسن ریفیری سے گفتگو کر رہے ہیں جبکہ ان کے برابر میں ہی محمد صلاح بھی موجود ہیں (اے ایف پی)

مصر کے کوچ حسام حسن نے فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں ارجنٹینا سے سخت مقابلے کے بعد شکست کو ’دھوکہ‘ قرار دیا ہے۔

ورلڈ کپ کے راؤنڈ 16 کے اس میچ میں منگل کو ارجنٹینا نے 2-0 کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے مصر کو 3-2 سے شکست دی ہے۔

تاہم سوشل میڈیا صارفین اور ہزاروں فینز کی طرح مصری ٹیم کے کوچ اس میچ میں شکست اور ریفری کے کردار سے شدید ناخوش دکھائی دے رہے ہیں۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں مصری ٹیم کے کوچ حسام حسن نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’میں بدقسمتی کی بات نہیں کروں گا۔ آج ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، ہمیں دھوکے سے شکست دی گئی۔‘

پہلے ہاف میں مصر کے مصطفیٰ زیکو کا ایک گول اس وقت مسترد کر دیا گیا جب وی اے آر نے اس سے پہلے کے کھیل میں لیسانڈرو مارٹینیز پر فاؤل کی نشاندہی کی۔

بعد ازاں زیکو نے دوسرا گول کر کے مصر کو پہلی بار ورلڈ کپ کے آخری آٹھ مرحلے میں پہنچنے کے قریب کر دیا۔

تاہم دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے شاندار واپسی کی۔ کرسٹیان رومیرو نے ایک گول کر کے خسارہ کم کیا، جبکہ لیونل میسی نے، جن کی پہلے ہاف میں پینلٹی بچا لی گئی تھی، ٹورنامنٹ کا اپنا آٹھواں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔

تنازع اس وقت مزید بڑھ گیا جب اینزو فرنانڈیز کے فیصلہ کن گول سے قبل مصر کا مؤقف تھا کہ الیکسس میک ایلسٹر نے حمدی فتحی کی شرٹ کھینچی تھی، جس پر انہیں پینلٹی ملنی چاہیے تھی۔

حسام حسن کہتے ہیں کہ ’ہمیں نہ احترام ملا، نہ منصفانہ کھیل۔ پینلٹی نہیں دی گئی، وی اے آر نے اس کا جائزہ تک نہیں لیا۔ ہمارا دوسرا گول بھی حیران کن طور پر مسترد کر دیا گیا۔ ہم سب نے شرٹ کھینچے جانے کی تصاویر دیکھیں، مگر وی اے آر خاموش رہا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس ’ناانصافی‘ کے بعد ورلڈ کپ کے مزید میچز نہیں دیکھیں گے۔

’میں اس ورلڈ کپ کے مزید میچز نہیں دیکھوں گا۔ یہی میرا احتجاج کرنے کا طریقہ ہے۔‘

’شاید وہ میسی کو رکھنا چاہتے تھے‘

یاسر ابراہیم کے گول سے مصر کو برتری ملی تھی، لیکن بعد میں نکولس تاگلیافیکو پر فاؤل کے بعد ارجنٹینا کو پینلٹی ملی۔

لیونل میسی کی پینلٹی مصری گول کیپر مصطفیٰ شوبیر نے بچا لی۔ اس کے ساتھ ہی میسی ورلڈ کپ میں غیر شوٹ آؤٹ پینلٹیوں میں آٹھ میں سے چار مواقع ضائع کر چکے ہیں، جن میں اس ٹورنامنٹ کی دو پینلٹیز بھی شامل ہیں۔

مصری کوچ نے اشارہ دیا کہ شاید حکام پر میسی اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو ٹورنامنٹ میں برقرار رکھنے کا دباؤ تھا۔

انہوں نےبیئنسپورٹس سے گفتگو میں کہا کہ ’شاید وہ چاہتے تھے کہ عالمی چیمپئن ٹورنامنٹ میں رہیں، شاید وہ چاہتے تھے کہ میسی کی دوڑ جاری رہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’فٹ بال میں بعض اوقات تکنیکی معاملات سے بڑھ کر بیرونی عوامل بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔ عالمی چیمپئن کو ہر سطح پر حمایت حاصل تھی۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال