فیفا ورلڈ کپ راؤنڈ آف 16: ’شیروں کی طرح‘ کھیلنے سے ’ڈرٹی گیم‘ تک

پیراگوئے اور فرانس کے درمیان یہ میچ انتہائی سخت اور جسمانی نوعیت کا رہا، تاہم ازبک ریفری الگیز تنتاشیف نے صرف تین یلو کارڈ دکھائے، اور تینوں فرانس کے کھلاڑیوں کو ملے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میں فرانس اور پیراگوئے کے درمیان میچ کا ایک منظر (اے ایف پی)

فیفا ورلڈ کپ کی آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنانے کے لیے ہفتے کو فرانس اور پیراگوئے کے درمیان سنسنی خیز اور جارحانہ میچ کھیلا گیا جس میں فرانس نے پینلٹی کے ذریعے فتح حاصل کی۔

پیراگوئے اور فرانس کے درمیان یہ میچ انتہائی سخت اور جسمانی نوعیت کا رہا، تاہم ازبک ریفری الگیز تنتاشیف نے صرف تین یلو کارڈ دکھائے، اور تینوں فرانس کے کھلاڑیوں کو ملے۔

فرانس کے کپتان کیلین ایمباپے نے میچ کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم ورلڈ کپ میں آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن انداز اپنانے کو تیار ہے جبکہ پیراگوئے کے کوچ نے کہا کہ ان کی ٹیم ’شیر کی طرح‘ کھیلی ہے۔

ایمباپے نے میچ کے 70ویں منٹ میں پینلٹی پر واحد گول سکور کیا، جو اس ٹورنامنٹ میں ان کا ساتواں اور مجموعی طور پر ورلڈ کپ میں 19واں گول تھا۔

تاہم فلاڈیلفیا کی شدید گرمی میں کھیلے گئے اس میچ کے آخری لمحات میں پیراگوئے کے دفاعی کھلاڑی مسلسل انہیں اشتعال دلانے کی کوشش کرتے رہے۔

ایمباپے کا کہنا ہے کہ ’ہم جانتے تھے کہ ہمیں کس نوعیت کے میچ کا سامنا ہوگا، لیکن میرے خیال میں آج سب کچھ بہت اچھا رہا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’شاید انہیں لگا تھا کہ ہم ٹکسڈو پہن کر آئیں گے اور صرف شاندار مہارت کا مظاہرہ کریں گے، لیکن ہمیں ڈرٹی گیم بھی آتی ہے۔ آج ہم نے ایسا ہی کیا، ہم جیتے، اور اس معاملے میں بھی ہم ان سے بہتر ثابت ہوئے۔‘

ریال میڈرڈ کے فارورڈ نے کہا کہ ’آج کے کھیل نے ثابت کیا کہ ہم صرف جارحانہ فٹبال کھیلنے والی ٹیم نہیں ہیں۔

’اگر ہمیں سخت انداز اپنانا پڑے تو ہم اس سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ اس اظہار پر معذرت، لیکن ہمیں اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایمباپے جب پینلٹی لینے کے لیے تیار ہوئے تو دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آمنے سامنے آ گئے، جبکہ پیراگوئے کے کھلاڑیوں نے پینلٹی سپاٹ کو بھی خراب کرنے کی کوشش کی۔

اس پر ایمباپے نے کہا کہ ’یہ ان کا فٹ بال ہے، یہی ان کا کھیلنے کا انداز ہے۔‘

دوسری جانب ایونٹ سے باہر ہونے والے پیراگوئے کے کوچ گستاوو الفارو نے کہا کہ ان کی ٹیم نے شکست کے باوجود ’شیروں کی طرح مقابلہ کیا۔‘

فلاڈیلفیا کے لنکن فنانشل فیلڈ میں میچ کے بعد الفارو نے کہا کہ ’فرانس ہمارے دفاع کو توڑنے کا راستہ نہیں ڈھونڈ سکا، اور آخرکار انفرادی مہارت اور وی اے آر کے ذریعے ملنے والی پینلٹی نے وہ فرق پیدا کیا جو ان کا کھیل خود پیدا نہیں کر سکا۔‘

الفارو نے اپنی ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے کھلاڑیوں نے میدان میں شیروں کی طرح جنگ لڑی۔

’ہمیں ورلڈ کپ میں واپس آنے میں 16 سال لگے، جبکہ ایمباپے نے اپنا پہلا ہی ورلڈ کپ جیت لیا، دوسرے ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا، اور اب وہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔‘

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال