پاکستان کے سابق وزیرِ سرمایہ کاری محمد اظفر احسن نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو سمجھنے کے لیے ایک نیا فریم ورک متعارف کرایا ہے، جس کے مطابق ممالک کو صرف یہ نہیں دیکھنا چاہیے کہ ان کی معیشت میں کتنی سرمایہ کاری آئی بلکہ یہ بھی جانچنا چاہیے کہ اس سرمایہ کاری سے کیا نتائج حاصل ہوئے۔
اسی کو جانچے کے لیے اظفر احسن نے ’کیپیٹل سسٹمز‘ فریم ورک کے نام سے ایک فریم ورک متعارف کرایا ہے جو روایتی ایف ڈی آئی کے فوائد جانچنے کی بجائے اسے مزید مؤثر بنانے کی کوشش کرتا ہے۔
اس کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ سرمایہ کسی ملک میں آنے کے بعد کس طرح وہاں کیسے پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتی ہے۔
اظفر احسن نے انڈپینڈنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ایف ڈی آئی سرمایہ کے داخلے کی پیمائش کے لیے ایک ناگزیر اشاریہ ہے، لیکن کسی معیشت میں سرمائے کا آنا، سرمایہ کاری کی کہانی کا صرف آغاز ہوتا ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ سرمایہ آنے کے بعد کیا ہوتا ہے اور معیشت اسے دیرپا معاشی قدر اور پیداواری صلاحیت میں کس حد تک تبدیل کر پاتی ہے۔‘
My opinion piece on "FDI Misread: Why Capital Systems Matter" published by @fDiIntelligence, a publication of @FT https://t.co/zfN6kKcATW
— Muhammad Azfar Ahsan (@MAzfarAhsan) August 5, 2026
ان کے مطابق کیپیٹل سسٹمز فریم ورک چار باہم مربوط مراحل پر مشتمل ہے:
1. کیپیٹل انٹری
2. کیپیٹل ابسورپشن
3. کیپیٹل سرکولیشن
4. کیپیٹل ٹرانسفارمیشن
کیپیٹل انٹری
یہ مرحلہ وہ ہے جہاں غیر ملکی سرمایہ کاری گرین فیلڈ منصوبوں، انضمام اور خریداری ، جوائنٹ وینچرز، اسٹریٹجک شراکت داریوں اور دیگر پیداواری سرمایہ کاری کی صورت میں معیشت میں داخل ہوتی ہے۔
کیپیٹل ابسورپشن
اس مرحلے میں اس بات کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ آیا کسی ملک کا معاشی اور ادارہ جاتی نظام سرمایہ کاری کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یا نہیں۔
قانون کی حکمرانی، پالیسی کا تسلسل، بنیادی ڈھانچہ، مالیاتی منڈیاں، ہنر مند افرادی قوت اور جدت طرازی کے نظام اس بات کا تعین کرتے ہیں کہ سرمایہ کس حد تک پیداواری بن سکتا ہے اور طویل مدت تک اپنی قدر میں اضافہ کر سکتا ہے۔
اظفر احسن کہتے ہیں: ’سرمایہ کسی معیشت میں داخل تو ہو سکتا ہے، لیکن مضبوط ادارے ہی یہ طے کرتے ہیں کہ آیا وہ پیداواری بنے گا اور وقت کے ساتھ اس کے اثرات بڑھتے رہیں گے یا نہیں۔‘
کیپیٹل سرکولیشن
تیسرے مرحلے میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ سرمایہ وسیع معیشت میں کس طرح گردش کرتا ہے۔
اس عمل میں کاروباری توسیع، دوبارہ سرمایہ کاری، سپلائرز کی ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی، افرادی قوت کی مہارت میں اضافہ، کاروباری سرگرمیوں کا فروغ اور مالیاتی شمولیت شامل ہیں۔
کیپیٹل ٹرانسفارمیشن
آخری مرحلہ اس وقت حاصل ہوتا ہے جب سرمایہ کاری مستقل پیداواری صلاحیت میں تبدیل ہو جائے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس مرحلے پر ملکی کمپنیاں زیادہ مسابقتی ہو جاتی ہیں، جدت کی رفتار تیز ہوتی ہے، ٹیکنالوجی اور علم پھیلتا ہے، سپلائی چین مضبوط ہوتی ہیں اور مقامی ادارے علاقائی اور عالمی ویلیو چینز میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے لگتے ہیں۔
اظفر احسن نے بتایا کہ ’اس مرحلے پر غیر ملکی سرمایہ محض بیرونی مالی وسائل نہیں رہتا بلکہ معیشت کے پیداواری ڈھانچے کا حصہ بن جاتا ہے۔‘
آج کے عالمی حالات میں ’کیپیٹل سسٹمز‘ کی اہمیت
اظفر احسن کے مطابق مصنوعی ذہانت ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں، علم پر مبنی صنعتوں اور باہم مربوط عالمی پیداواری نظاموں نے سرمایہ کاری کے عالمی منظرنامے کو تبدیل کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صرف سالانہ ایف ڈی آئی آمد کو کامیابی کا پیمانہ بنانا اب کافی نہیں رہا۔
انہوں نے بتایا کہ ’دو معیشتیں یکساں مقدار میں ایف ڈی آئی حاصل کر سکتی ہیں، لیکن ان کے معاشی نتائج بالکل مختلف ہو سکتے ہیں۔ فرق اکثر اس نظام میں ہوتا ہے جس کے ذریعے سرمایہ جذب، گردش اور تبدیلی کے مراحل سے گزرتا ہے۔‘
پالیسی سازوں کے لیے نیا سوال
اس فریم ورک کے تحت سرمایہ کاری کی پالیسی بنانے والوں کا بنیادی سوال بدل جاتا ہے۔
صرف یہ پوچھنے کے بجائے کہ ’ہم نے کتنی سرمایہ کاری حاصل کی؟‘
انہیں یہ پوچھنا چاہیے کہ ’ہم نے اس سرمایہ کاری کو طویل مدتی معاشی قدر میں کس حد تک تبدیل کیا؟‘
اظفر احسن نے واضح کیا کہ کیپیٹل سسٹمز روایتی ایف ڈی آئی اعداد و شمار یا سرمایہ کاری کے موجودہ نظریات کی جگہ لینے کے لیے نہیں بنایا گیا۔ ’ایف ڈی آئی یہ بتاتا ہے کہ سرمایہ کہاں گیا۔ کیپیٹل سسٹمز یہ بتاتا ہے کہ وہ سرمایہ کیا بن گیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ یہ دونوں نقطۂ نظر ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔ ایک سرمائے کی نقل و حرکت کو ناپتا ہے جبکہ دوسرا اس کی تبدیلی اور ارتقا کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔