راولپنڈی اسلام آباد میں تیز بارش، نشیبی علاقے زیر آب، تعلیمی اداروں میں چھٹی

پیر اور منگل کی درمیانی شب شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے نتیجے میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ راولپنڈی میں کئی مقامات پر پانی گھروں میں داخل۔

اسلام آباد ایکسپریس وے پر بارش کی وجہ سے منگل کی صبح ٹریفک جام دکھائی دے رہا ہے (انڈپینڈنٹ اردو/ذیشان علی)

راولپنڈی اسلام آباد میں منگل کو موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور مختلف اہم سڑکوں پر ٹریفک بری طرح جام ہو گئی۔ مقامی انتظامیہ نے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا۔

جڑواں شہروں میں پیر اور منگل کی درمیانی شب شروع والی بارش کے نتیجے میں متعدد سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا۔ راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو گئی جب کہ اسلام آباد میں طوفانی بارش سے راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا جس کے بعد ملحقہ آبادیوں کو چوکس کرنے کے لیے سائرن بجائے گئے۔ 

بارش کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹروں میں نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا جسے علاقے کے لوگ گھر میں مقید ہو کر رہ گئے۔

راولپنڈی میں پیر ودھائی سے ملحقہ صفدرآباد، گلی لوہاراں، فوجی کالونی میں مکان پانی سے بھر گئے۔ یونین کونسل چار اور پانچ کے علاقے بھی ڈوب گئے۔ اعوان کالونی میں گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں، راولپنڈی کا ماڈل راجہ بازار بھی زیر آب آگیا۔

بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہوا ہے جس کے باعث قریبی آبادی کے رہائشیوں کو انخلا کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تاہم مقامی حکام کا کہنا ہے کہ صورت حال کنٹرول میں ہے کیونکہ اسلام آباد میں بارش میں کمی آئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی میں مختلف مقامات پر 70 سے 201 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ پنڈی کے علاقے شمس آباد میں سب سے زیادہ 201 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نیو کٹاریاں 186 ملی میٹر، گولڑہ 157 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

نالہ لائی نالہ کے اطراف شہریوں کو الرٹ جاری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی جی سیف انور جپہ کے مطابق پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورت حال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔

بارشوں کا یہ سلسلہ 5 ستمبر تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

موسلادھار بارش کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق جڑواں شہروں کے سرکاری ونجی تعلیمی ادارے آج بروز منگل بند رہیں گے۔

اسلام آباد کے کئی سیکٹروں میں مکانات اور کمرشل عمارتوں کے پانی تہہ خانوں میں داخل ہوا ہے جس سے عام لوگوں کو نقصان ہوا ہے۔ سی ڈی اے حکام پانی نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ 48 گھنٹے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا امکان ہے۔

بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

شہری مدد کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کرسکتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان