کراچی کے سفاری پارک میں دو روز قبل پھسل کر گرنے والی ہتھنی مدھو بالا اب دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہو گئی ہے اور خود خوراک لینے لگی ہے۔
سفاری پارک کے ڈائریکٹر امجد زیدی نے بدھ کو بتایا کہ مدھو بالا دو روز قبل پاؤں پھسلنے کے باعث گر گئی تھی، جسے کرین کی مدد سے دوبارہ کھڑا کیا گیا۔
امجد نے بتایا کہ مدھو بالا کے ایکسرے کرائے گئے جو معمول کے مطابق آئے، تاہم دیگر طبی ٹیسٹوں میں کیلشیم کی کمی سامنے آئی ہے۔
ان کے مطابق مدھو بالا کی صحت کے حوالے سے انتظامیہ سری لنکا کے ماہر ڈاکٹر بدھیکا سے بھی رابطے میں ہے اور سفاری پارک کی ڈاکٹرز کی ٹیم ان سے مسلسل مشاورت کر رہی ہے۔
ڈائریکٹر کے مطابق ڈاکٹر بدھیکا نے مدھو بالا کے علاج کے لیے کچھ ادویات تجویز کی ہیں، جو ہتھنی کو مقررہ وقت پر دی جا رہی ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
مدھو بالا کو ماضی میں ٹی بی کی تشخیص ہوئی تھی جس کا علاج کیا گیا تھا۔ سفاری پارک کے ڈائریکٹر کے مطابق مدھو بالا کا ٹی بی کا علاج مکمل ہو چکا ہے۔
مدھو بالا کا کراچی چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل ہونا اس لیے بھی اہم ہے کہ وہ کئی برس تک کراچی چڑیا گھر میں ہتھنی نور جہاں کے ساتھ رہی تھی۔
نور جہاں 22 اپریل، 2023 کو کراچی چڑیا گھر میں انتقال کر گئی تھی۔ اس وقت اس کی عمر 17 سال بتائی گئی تھی۔
بعد ازاں مدھو بالا کو کراچی چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا گیا، جہاں اس کی ساتھی ہتھنیاں ملیکا اور سونیا موجود ہیں۔
تاہم سونیا بھی زیادہ عرصہ زندہ نہ رہ سکی اور آٹھ دسمبر، 2024 کو انتقال کر گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اب کراچی سفاری پارک میں مدھو بالا اور ملیکا دو ہتھنیاں موجود ہیں۔
یونیورسٹی روڈ پر گلشن اقبال کے قریب واقع سفاری پارک کراچی کے بڑے عوامی تفریحی مقامات میں شامل ہے، جہاں شہریوں کے لیے جانوروں کے انکلوژرز اور دیگر تفریحی سہولیات موجود ہیں۔
امجد زیدی کے مطابق مدھو بالا اور ملیکا کے لیے خوراک میں گھاس، خشک چارہ اور پھل شامل ہیں جبکہ چہل قدمی کے لیے وسیع میدان بھی فراہم کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق ہتھنیوں کی صحت کی نگرانی کے لیے ایک ڈاکٹر بطور کنسلٹنٹ موجود ہے جبکہ ضرورت کے مطابق غیر ملکی ماہرین سے بھی مشاورت کی جاتی ہے۔
فی الحال مدھو بالا کے دوبارہ خود کھڑے ہونے اور خوراک لینے کے بعد اس کی صحت کی نگرانی جاری ہے۔