بریکنگ بیڈ کے ’والٹر جونیئر‘ 34 برس کی عمر میں چل بسے

آر جے مٹے کو اے ایم سی کی مقبول سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ میں برائن کرینسٹن کے کردار والٹر وائٹ کے بیٹے والٹر جونیئر کا کردار ادا کرنے کے لیے شہرت حاصل ہوئی۔

’بریکنگ بیڈ‘ کے اداکار آر جے مٹے 21 اگست 2014 کو امریکی شہر لاس اینجلس میں 66ویں ایمی ایوارڈز میں شرکت کے لیے پہنچے (اے ایف پی)

معروف امریکی ٹی وی سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ کے اداکار آر جے مٹے منگل کو چل بسے۔ ان کی عمر 34 برس تھی۔

اداکار دماغی فالج (cerebral palsy) کے ساتھ زندگی گزار رہے تھے، جو ایک جسمانی معذوری ہے اور کسی شخص کی حرکت کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔ ان کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔

آر جے مٹے کو اے ایم سی کی مقبول سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ میں برائن کرینسٹن کے کردار والٹر وائٹ کے بیٹے والٹر جونیئر کا کردار ادا کرنے کے لیے شہرت حاصل ہوئی۔

وہ 2008 سے 2013 کے دوران اس سیریز کی 56 اقساط میں نظر آئے۔ وہ اس سیریز کی اس کاسٹ کا بھی حصہ تھے جس نے 2014 میں ڈرامہ سیریز میں بہترین مجموعی اداکاری کا سکرین ایکٹرز گلڈ (ایس اے جی) ایوارڈ جیتا تھا۔

ان کے نمائندے نے ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کو ایک بیان میں کہا: ’ہمیں انتہائی دکھ کے ساتھ اپنے پیارے اداکار، سماجی خدمات انجام دینے والے اور معذور افراد کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن آر جے مٹے کی افسوس ناک اموت کی اطلاع دینا پڑ رہی ہے۔‘

بیان کے مطابق مٹے نے دماغی فالج کے ساتھ اپنی زندگی کے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرا اور معذوری سے متعلق آگاہی اور شمولیت کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم قائم کیا۔

’بریکنگ بیڈ‘ میں کام کرنے کے بعد مٹے کو ٹی وی اور فلموں میں کئی دیگر اہم منصوبوں میں کام کرنے کے مواقع ملے۔ انہوں نے فری فارم کی سیریز ’سوئچڈ ایٹ برتھ‘ کے تیسرے سیزن میں بھی ایک اہم کردار ادا کیا۔ اس کے بعد وہ ’ڈکسی لینڈ‘، ’روبوٹ چکن‘، ’ناؤ اپوکلیپس‘ اور ’دی گارڈینز آف جسٹس (ول سیو یو)‘ سمیت مختلف پروجیکٹس میں نظر آئے۔

حالیہ برسوں میں مٹے 2021 کی فلم ’ٹرائمف‘ میں دکھائی دیے، جس میں انہوں نے دماغی فالج کے ساتھ زندگی گزارنے والے ہائی سکول کے ایک طالب علم کا کردار ادا کیا جو پہلوان بننے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے 2024 میں ڈوو کیمرون کے ساتھ فلم ’لو می ڈیڈ‘ اور 2025 میں فن وٹراک کے ساتھ فلم ’ویسٹ ہیمپٹن‘ میں کام کیا۔

سکرین پلے پر دماغی فالج کے ساتھ زندگی گزارنے والے مختلف کردار ادا کرنے کے تجربے نے مٹے کو معذور افراد کے حقوق کے لیے اپنی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کا موقع دیا۔

وہ ’یونائیٹڈ سیریبرل پالسی‘ اور ’شرائنرز چلڈرنز‘ نامی فلاحی تنظیموں کے سفیر بھی رہے۔ اس کے علاوہ وہ مٹے فاؤنڈیشن کے صدر تھے۔ فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ کے مطابق یہ ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جو وسطی ٹیکساس میں لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے والی تنظیموں اور پروگراموں میں سرمایہ کاری کرتا ہے۔

اپنے آخری انٹرویوز میں سے ایک میں مٹے گزشتہ ہفتے ’دی جو ولپِس پوڈکاسٹ‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور سماجی سرگرمیوں پر گفتگو کی۔

اس دوران انہوں نے بتایا کہ ’بریکنگ بیڈ‘ میں ان کا کردار سیریز کے تخلیق کار ونس گلیگن کے ایک ایسے دوست پر مبنی تھا جو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

مٹے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا: ’اس لیے اس کردار کو ادا کرنا اور اس کے انداز میں ڈھل جانا واقعی حقیقی محسوس ہوتا تھا۔‘

اداکاری کے علاوہ مٹے معذور افراد کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن کے طور پر بھی جانے جاتے تھے۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایکس پر ایک مداح نے لکھا: ’میں نے چند روز پہلے ہی ایک انٹرویو دیکھا تھا جس میں وہ اس کردار کے حصول کے بارے میں بتا رہے تھے۔ انہوں نے جونیئر کا کردار شاندار انداز میں ادا کیا۔‘

ایک اور مداح نے لکھا: ’انہوں نے صرف والٹ جونیئر کا کردار ادا کرنے سے کہیں زیادہ کام کیا۔ ہالی وڈ میں معذور افراد کی نمائندگی کے لیے ان کی کوششیں بہت اہم تھیں۔ 34 برس کی عمر بہت کم ہے۔ یہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ ان کی روح کو سکون ملے۔‘

ایک مداح نے تبصرہ کیا: ’خدایا، یقین نہیں آتا۔ وہ بہترین اداکار تھے اور ان کا کردار یادگار تھا۔ ان کی روح کو سکون ملے۔‘

ایک اور مداح نے لکھا: ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ بریکنگ بیڈ کی مرکزی کاسٹ میں سے سب سے پہلے وہ دنیا سے رخصت ہوں گے۔ ان کی روح کو سکون ملے۔‘

ایک اور صارف نے کہا: ’انہوں نے ایک ایسے کردار میں اپنی حقیقی زندگی کے تجربے کو شامل کیا جس میں ہالی وڈ عموماً معذوری کی صرف نقل کرتا ہے۔ 34 برس کی عمر میں ان کا چلے جانا بہت بڑا نقصان ہے۔‘

© The Independent

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی