ربیعہ احمد سے میری پہلی ملاقات ٹی وی چینل ’اے ٹی وی‘ میں ہوئی جہاں وہ بطور نیوز کاسٹر منسلک ہوئی تھیں۔ ایک سمجھ دار، ذہین، آگے بڑھنے کی لگن اور محنت جیسے اوصاف دیکھ کر لگتا تھا کہ یہ لڑکی بلندیوں پر جائے گی۔
نیوز پڑھتے ہوئے ان کا اعتماد، تلفظ، آواز اور لباس سب ہی بہترین ہوتا تھا، لیکن سٹوڈیو سے باہر وہ بہت خاموش طبع تھیں، خاموش رہنا پسند کرتی تھیں۔ ہم سب مل کر لنچ کرتے تھے اور وہ سب کے ساتھ اٹھتی بیٹھی لیکن ایک فاصلہ ضرور رکھتی اور کم بولتی تھیں۔
چینل کی پروگرام مینیجر سعدیہ جبار نے ان دنوں ایک نیوز شو ڈیزائن کیا جس میں سیاست دانوں کے اِن فارمل انٹرویو کرنا تھا۔ انہوں نے مجھ سے بھی میٹنگ کی کہ کیا ہمیں یہ شو کرنا چاہیے اور کیا سیاست دان اپنی نجی زندگی پر بات کریں گے۔
میں اس وقت جونیئر رپورٹر تھی اور اپنی ڈگری مکمل کر رہی تھی۔ میں نے بھی اپنی رائے دی۔ چینل کے جی ایم اعجاز بھٹہ اور سعدیہ نے اس پروگرام کے لیے 24 سالہ ربیعہ کا انتخاب کیا۔
میں قومی اسمبلی کور کرتی تھی تو وہ اور ان کے پروگرام کے پروڈیوسر مجھ سے مہمان ارینج کرنے کی درخواست کیا کرتے تھے۔ ہم تینوں مل کر سوالات بنایا کرتے تھے۔ اس طرح ہم تینوں کی آفس میں روز ملاقات ہوتی اور چائے پر گپ شپ ہو جاتی تھی۔
میں اور سعدیہ خوب باتیں کرتے جبکہ ربیعہ زیادہ خاموش رہتیں۔ میں اور سعدیہ اکثر شاپنگ پر، سیلون ایک ساتھ جاتے لیکن وہ بس کبھی لنچ پر ہی ہمیں ملتی۔ سعدیہ جبار کا ہماری گرومنگ میں بہت ہاتھ ہے۔ انہوں نے ہمیں اعتماد کے ساتھ فیشن سینس بھی دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کو کانٹینٹ کے ساتھ اپنے سٹاف کی ظاہری شخصیت کے نکھار کی بہت فکر ہوتی تھی۔ جہاں ہم نیوز بنانا سیکھ رہے تھے اپنی ڈگریاں مکمل کر رہے تھے تو دوسری طرف وہ ہمیں لباس، میک اپ اور طرز گفتگو کی بھی تربیت دے رہی تھیں۔
ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ نیوز روم میں نیوز کے علاوہ تربیت اور کردار سازی بھی کی جائے۔ سعدیہ اور اعجاز صاحب نے ان تین سالوں میں ہمارا بہت خیال رکھا۔ اس کے بعد میں پرنٹ میں چلی گئی اور ربیعہ اینکرنگ کے ساتھ وابستہ رہیں۔ ان کے پروگرام کے پرومو، فوٹو شوٹ پر بہت محنت کی گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ پروگرام اپنی جگہ بنانے لگا۔
مجھے ہمیشہ لگتا تھا کہ وہ اپنے کیریئر میں بہت آگے جائیں گی۔ ان کی آنکھوں میں خواب تھے۔ پھر وہ ربیعہ احمد سے ربیعہ احسن ہو گئیں۔ ایک خوش گوار زندگی کا آغاز کیا اور انہیں اللہ تعالی نے دو بچیوں کی نعمت سے نوازا۔
انہوں نے اینکرنگ کے ساتھ اپنا سیلون بھی کھول لیا جس میں بھی ان کو ترقی ملی۔ اپنے کیریئر میں انہوں نے مختلف چینلز کے ساتھ کام کیا۔ فیس بک پر وہ اپنی اور اہل خانہ کی تصاویر لگایا کرتی تھیں تو دیکھنے میں یہ خاندان بہت خوشحال خوش دکھائی دیتا تھا۔
ان کو سیاحت کا شوق تھا۔ اچھے اچھے مقامات سے تصاویر ویڈیو اپ لوڈ کرتی تھیں جن میں ان کے شوہر احسن اور بیٹیاں ساتھ ہوتے تھے۔
وہ ایک بہت نیک بیٹی بھی تھیں۔ انہوں نے اپنے والدین کا بھی خیال رکھا۔ ان کے والد وفات پا چکے تھے اور والدہ بیمار ہیں۔ حال ہی میں انہوں یو ٹیوب پر بھی وی لاگز کرنا شروع کر دیے تھے۔ وہ بہت مطمئن اور خوش لباس نظر آتی تھیں۔ خاص کر ان کے بال بہت حسین تھے۔
اے ٹی وی میں یہ اصول تھا کہ سب اپنے بال بلو ڈرائی کروا کے باہر جائیں گے، لیکن ربیعہ بہت حساس تھیں۔ وہ میک اپ آرٹسٹ کو خصوصی ہدایات دیا کرتی تھیں۔
اپنی زندگی کے آخری دور میں وہ نجی چینل 92 نیوز کے پرائم ٹائم پروگرام سے منسلک تھیں۔ اچانک ان کی موت کی خبر نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا۔ ایسا کیا ہوا، کیسے ہوا کیوں ہوا؟ جیسے بہت سے سوالات جنم لینے لگے۔
وہ دور طالب علمی یاد آگیا۔ وہ کیریئر کا ابتدائی دور، ایک بے فکری کا زمانہ، کوئی پریشانی نہیں۔ یہ ہولناک خبر سنتے ہی ہم سب اے ٹی وی کے سابق کولیگ ایک دوسرے کو فون کرنے لگے۔ یقین نہیں آ رہا کہ پیاری ربیعہ اب اس دنیا میں نہیں رہی۔ ایک دوسرے کو تسلی دیتے رہے اور افسوس کرتے رہے۔
ویمن ان میڈیا گروپ میں بحث شروع ہو گئی کہ کیا ہم عورتیں اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں؟ کیا قابل ہونا، ترقی کرنا یا خواب دیکھنا جرم ہے؟ ربیعہ کی بیٹیوں کا کیا ہو گا؟ ان کی کفالت کون کرے گا؟ ایک ہنستا بستا گھر اجڑ گیا۔ کیوں ہوا کیسے ہوا ابھی کچھ معلوم نہیں۔
ان کے شوہر کی طرف سے یہ عمل ارادی یا غیر ارادی طور پر ہوا، اس پر ایک سوالیہ نشان لگا ہے۔ اس کا تعین تو قانون نافذ کرنے والے ادارے کریں گے، پر اس موت کی وجہ سے خواتین صحافی بہت بے چینی اور اضطراب کا شکار ہیں۔
پاکستانی خواتین کے خلاف جرائم بڑھتے جا رہے ہیں۔ جن میں گھریلو تشدد، غیرت کے نام پر قتل، ہراسانی، تعلیم پر بندش، معاشی کمزوری، انصاف کی کمی، ریپ، ونی، کاروکاری، جہیز، شادی میں تاخیر، طلاق و خلع کے مسائل، آن لائن بلیک میلنگ، خاندانی دباؤ، فرسودہ رسومات کا بوجھ، ملازمت کے مسائل، اچھے مواقع اور مساوی حقوق نہ ملنا، صحت کی سہولیات کی کمی جیسے بہت سے مسائل سے عورتیں گزر رہی ہیں۔
اسی طرح پاکستانی صحافی خواتین بھی بہت مسائل کا شکار ہیں۔ دیکھنے میں یہ کتنی طاقت ور، با اثر اور گلیمرس لگتی ہیں پر ان کے بھی بہت مسائل ہیں، بہت سی صحافی خواتین ان مسائل کی وجہ سے یہ فیلڈ چھوڑ چکی ہیں۔
اب بھی بہت سی خواتین صحافیوں کی تنخواہیں کم ہیں، ان کو مساوی مواقع سے محروم رکھا جاتا ہے، ان کو آن لائن آن گروانڈ ہراساں کیا جاتا ہے، ان کو سکرین پر نوکری برقرار رکھنے کے لیے جوان خوبصورت لگنے اور وزن کم رکھنے کا دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ نوٹس، پیکا، مقدمات اس کے علاوہ ہیں۔
ان کے پاس ہیلتھ اور لائف انشورنس نہیں ہیں۔ ایک بار جاب چلی جائے، پھر ان کو جاب نہیں ملتی۔ ایک ہی بیٹ پر مردوں کو زیادہ تنخواہ ملتی ہے اور عورتوں کو کم۔ پاکستانی خواتین صرف خبر کے لیے جہدوجہد نہیں کرتیں بلکہ اپنے وجود کی بقا کے لیے ان کو لڑنا پڑتا ہے۔ اب جو کچھ ربیعہ کے ساتھ ہوا، اس کے بعد خواتین صحافی اس بات پر بھی عدم تحفظ کا شکار ہو گئی ہیں۔
خواتین اپنی زندگی میں کئی مراحل سے گزرتی ہیں جس میں جسمانی تبدیلیاں بھی شامل ہوتی ہیں۔ وہ حمل، زچگی، ماہانہ ایام اور مینو پاز سے گزرتی ہیں، پر ان کو وہ سپورٹ نہیں ملتی جو ملنی چاہیے۔ تحفظ کی کمی، آن لائن ٹرولنگ، جعلی تصاویر، ویڈیوز، دفاتر میں ہراسانی، فری لانسنگ میں تنخواہ نہ ملنا، نائٹ شفٹ، ٹرانسپورٹ کا نہ ہونا، نیوز روم میں بڑے عہدوں سے محرومی، گھریلو مسائل، کردار کشی بہت سے مسائل کا سامنا خواتین صحافی روز کرتی ہیں۔
ہمیں ضرورت ہے کہ ہم خواتین صحافیوں کے لیے ’ربیعہ بل‘ لائیں جس میں ان کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ میڈیا ہاؤسز سیفٹی پالیسی اپنائیں، خواتین صحافیوں کو ٹرانسپورٹ دیں، ان کو نائٹ شفٹ پر مجبور نہ کریں، ان کو اکیلے پُرخطر جگہوں پر نہ بھیجیں، ان کو میٹرینی لیوز، ہیلتھ و لائف انشورنش دیں۔
خواتین کو نیوز روم اور فیصلہ سازی میں جگہ دی جائے۔ ان کو ٹریڈ یونین میں بڑے عہدے ملنے چاہیں۔ ان کو تنخواہ بروقت ملنی چاہیے جس میں ہر سال اضافہ ہو۔ قانونی تحفظ ملنا چاہیے اور گھریلو تشدد کی صورت میں ان کو فوری مدد ملنا چاہیے۔
اس ضمن ویمن ان میڈیا گروپس، حکومت اور این جی اوز اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ایک دوسرے کی آواز بنیں، ظلم اور ناانصافی پر چپ نہ رہیں۔ ایک پر حملہ سب پر حملہ ہے۔
میں، ہادیہ، احتشام، وسیم، امبر سعدیہ، نازیہ، ریحان، قاسم اور اعجاز صاحب تمہارے لیے بہت رنجیدہ اور دعا گو ہیں۔ سب مظلوم اور معصوم ربیعہ کے لیے آواز بلند کریں۔ اللہ ربیعہ کی منزلیں آسان کرے۔ آمین۔
نوٹ: یہ تحریر مصنفہ کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔