کیٹ کے پاکستانی فیشن کی واہ واہ

فیشن پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان کے دوران اپنے لباس سے کیٹ مڈلٹن نے اپنی آنجہانی ساس لیڈی ڈیانا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی کوشش کی۔

دورہ پاکستان کے موقع پر کیٹ مڈلٹن کے مختلف انداز۔

برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے پاکستان کے پانچ روزہ دورے کا آغاز پیر کی رات سے ہوا جب راولپنڈی کے نور خان ایئربیس پر ان کا استقبال پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کی اہلیہ نے کیا۔

اس موقع پر شاہی سٹائل آئیکون کیٹ مڈلٹن نے آسمانی رنگ کی بند چاکوں والی لمبی قمیص اور ٹراؤزر پہن رکھا تھا جو برطانوی ڈیزائنر برانڈ ’کیتھرین واکر‘ کی تخلیق ہے، جس کے ڈیزائن کیے گئے ملبوسات لیڈی ڈیانا نے بھی پہنے تھے۔ 

مداح تو اس سٹائل کو سراہ ہی رہے ہیں، وہیں فیشن پر نظر رکھنے والوں کا ماننا ہے کہ یہ لباس کیٹ مڈلٹن کی جانب سے اپنی آنجہانی ساس لیڈی ڈیانا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی ایک کوشش ہے۔

جبکہ کچھ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کیٹ کے لباس کا انتخاب اُس لباس سے کافی ملتا جلتا تھا جو لیڈی ڈیانا نے 1996 میں لاہور میں شوکت خانم میموریل ہسپتال کے دورے کے موقع پر پہنا تھا۔

لیڈی ڈیانا نے 1996 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے بھی نیلے رنگ کا شلوار قمیص پہنا تھا جسے کیتھرین واکر نے ڈیزائن کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کیٹ مڈلٹن کے فیشن پر نظر رکھنے والے بلاگ ’واٹ کیٹ ور‘ (WhatKateWore.com) کے مطابق کیٹ نے ہلکے نیلے رنگ کی لمبی قمیص اور سٹریٹ پینٹ کے ساتھ سکن کلر کی ہیلز کا انتخاب کیا۔

ان کے کانوں کے بُندے اور پرس پاکستانی برانڈ ’زین‘ (Zeen) کے تھے جن کی قیمت بالترتیب تقریباً ایک ہزار اور تین ہزار روپے ہے۔

کیٹ اس سے پہلے بھی زین کے ڈیزائن کردہ بُندے پہن چکی ہیں جب انہوں نے پاکستان کے دورے سے قبل اپنے شوہر کے ہمراہ پرنس کریم آغا خان سے ملاقات کی تھی۔

’واٹ کیٹ وور‘ کی بلاگر سوزن نے پیشین گوئی کی کہ اس دورے میں کیٹ پاکستان کے قومی رنگ سبز اور سفید مشتمل لباس پہنیں گی، گرمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے ملبوسات ہلکے کپڑے کے ہوں گے اور ان میں پاکستان کے قومی پھول چنبیلی کو بھی شامل کیا جائے گا۔

منگل کو اپنے دورے کے دوسرے دن بھی کیٹ مڈلٹن کے لباس سے لیڈی ڈیانا کی یاد جھلک رہی تھی۔ ان کا لباس رائل بلیو رنگ کا تھا جبکہ لیڈی ڈیانا نے بھی 1997 میں ایک دورے کے دوران اس رنگ کا لباس پہنا تھا۔ 

برطانوی شاہی امور کی کوریج کرنے والے ’دی ایکسپریس‘ کے رپورٹر رچرڈ پالمر کے مطابق کیٹ نے رائل بلیو رنگ کا کرتا، سکارف اور ٹراؤزر پہنا، جو پاکستانی ڈیزائنر ماہین خان کی تخلیق ہے۔ 

ایک حالیہ انٹرویو میں ’واٹ کیٹ ور‘ کی بانی سوزن کیلی نے ’پیپلز میگزین‘ کو بتایا تھا کہ اس شاہی دورے کے دوران کیٹ پاکستان کی ثقافت سے متاثر لباس ضرور پہنیں گی۔

سوزن نے کہا تھا: ’ڈیانا نے یہ سٹائل پاکستان میں کئی بار پہنا اور مجھے لگتا ہے کہ یہ کیٹ کے لیے موقع ہے کہ وہ ڈیانا سے متاثر ہوں مگر دھیان رکھیں کہ انہیں کاپی نہ کریں۔‘

اور یہ بات اُس وقت تقریباً درست ثابت ہوئی جب پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں کیٹ مڈلٹن نے سبز قمیص اور ڈوپٹے کے ساتھ سفید ٹراؤزر زیب تن کیا۔

کیٹ اور ولیم  پانچ دن پاکستان میں قیام کریں گے جس کے دوران وہ اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور گلگت بلتستان کا دورہ بھی کریں گے۔

برطانیہ کے شاہی محل کے مطابق شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کا پاکستانی دورہ ایک ہزار کلومیٹر پر مشتمل ہوگا اور اس دورے کے دوران وہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں ثقافتی اور چیریٹی پروگراموں میں شرکت کریں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سٹائل