خیبر پختونخوا میں وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر راج نافذ ہوئے تقریباً ڈیڑھ ماہ گزر گئے ہیں لیکن عوامی اور سیاسی حلقوں میں ابہام موجود ہے کہ صوبے کا سیاسی مستقبل کیا ہوگا، تحریک انصاف کی حکومت اور صوبائی اسمبلی کا کیا ہوگا اور گورنر راج کے خاتمے کے لیے کون سا سیٹ اپ لایا جائے گا؟
وفاقی حکومت کی جانب سے 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت معطل کرتے ہوئے صوبے کے انتظامی امور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے حوالے کیے گئے۔ گورنر کے ساتھ 11 رکنی ایک کونسل کا اعلان بھی کیا گیا جبکہ عسکریت پسندی سے متاثرہ صوبے کے 12 اضلاع کو خصوصی طور پر الگ یونٹ بنایا گیا۔
ان 12 اضلاع کے لیے ایریا ریپریزنٹیٹیو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جس میں ان اضلاع سے 48 مقامی قبائلی عمائدین اور اہم شخصیات کو شامل کیا گیا۔
گذشتہ دنوں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ان اضلاع کے حوالے سے ایک آرڈیننس بھی جاری کیا جس کے تحت ایک ایگزیکٹیو کمیٹی بنائی جائے گی جو ان اضلاع میں مختلف منصوبوں کی منظوری دے گی۔ بعد میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ان مخصوص اضلاع میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل اور موثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے 12 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دی۔
ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ (اے ڈی ایس) کی جانب سے 24 اکتوبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کور کمانڈر پشاور کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ ان اضلاع کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری (اے سی ایس) وائس چیئرمین ہوں گے۔
|
خیبر پختونخوا میں کب کب گورنر راج 16 فروری سے 3 مئی 1975 ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کے دور میں جو 76 دن جاری رہا۔ 25 فروری سے 24 اپریل 1994 بے نظیر بھٹو نے وزیراعلیٰ پیر صابر شاہ کی حکومت معطل کر دی گئی۔ اکتوبر 1999 سے 2002 جنرل مشرف کا آئینی طریقہ کار کے تحت نافذ کیا گیا روایتی گورنر راج نہیں تھا بلکہ ایک ماورائے آئین فوجی اقتدار کے بعد قائم ہونے والے نظام کا حصہ تھا۔ تاہم عملی طور پر انتظام فوجی حکومت کے مقرر گورنروں کے ذریعے چلایا گیا۔ 11 اکتوبر 2026 سے اب تک وفاقی کابینہ کی سفارش پر صدر کی منظوری سے تازہ ترین گورنر راج نافذ کیا گیا۔ |
ایک جانب خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائیوں کے ذریعے شدت پسندی کا مقابلہ جاری ہے تو دوسری جانب سیاسی صوت حال کیا رخ اختیار کرے گی، گورنر راج یا ایمرجنسی کب تک نافذ ہوگی اور صوبے کا سیاسی حل کیا ہوگا، اسی حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو نے پی ٹی آئی، پاکستان مسلم لیگ اور آزاد تجزیہ کاروں کے ساتھ بات کی ہے۔
کیا صوبے میں کسی ان ہاؤس تبدیلی کا امکان ہے جس کے تحت وزیر اعلیٰ کو تبدیل کیا جائے، یا تحریک انصاف کی ایوان میں اکثریت تبدیل ہوگی یا وفاقی حکومت نئے انتخابات کا اعلان کرے گی، اسی حوالے سے سیاسی رہنماؤں سے بات کی گئی ہے۔
سیاسی و حکومتی حلقے مقتدرہ قوتوں کے پاس سیاسی تبدیلی کے چند آپشنز بتاتی ہیں جن پر کام ہوسکتا ہے۔
نمبر ایک: سہیل آفریدی
معزول وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی جو اب تک تحویل میں ہیں اپنے سیاسی لائحہ عمل کو تبدیل کرنے اور مرکز کے ساتھ مخاصمت ختم کرنے پر تیار ہو جائیں تو شاید ان کی واپسی ممکن ہے؟ ان کی طویل اسیری ظاہر کرتی ہے کہ فی الحال اس کا امکان انتہائی کم ہے لیکن سیاسی دنیا میں کچھ بھی حتمی نہیں ہوتا۔
پی ٹی آئی کی سیاست پر گہری نظر رکھنے والے صحافی و تجزیہ کار لحاظ علی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کی پارٹی کے فیصلہ سازوں سے جو بات ہوئی ہے تو ان کے مطابق اس ساری صورت حال میں سہیل آفریدی کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانا ایک دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ ’ہم دیکھ رہے ہیں کہ عمران خان کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی کافی حد تک شروع ہوا ہے اور یہ گڈ ویل جیسجر میں کیا جا رہا ہے۔ تاہم مقتدرہ سے پی ٹی آئی سے یہ ہی مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ سہیل آفریدی کسی صورت قبول نہیں، اور پی ٹی آئی خود ہی وزیر اعلیٰ کو تبدیل کریں۔‘
دوسری جانب لحاظ علی کے مطابق عمران خان سے سینیئر وکلا اور دیگر لوگوں کی حالیہ ملاقات میں خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے سے کوئی بھی ہدایات سامنے نہیں آئی ہیں اور نہ اس پر انہوں نے کوئی تبصرہ کیا ہے۔ ’ہمارے پاس جو اطلاعات ہے کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے پارلیمان اجلاس میں یہ ہی بتایا گیا ہے کہ پارٹی قیادت اس معاملے سے دور رہے اور ہم خود پارلیمانی اجلاس میں ہی اس کا حل نکالیں گے۔‘
نمبر دو: تحریک انصاف کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے سپریم کورٹ کے 25 اگست 2025 کے فیصلے کی روشنی میں جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں پارٹی پوزیشن درج ذیل ہے:
آزاد ارکان (بشمول پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ): 92
پاکستان مسلم لیگ (ن): 17
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی): 17
پاکستان پیپلز پارٹی: 11
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی): 4
پاکستان تحریک انصاف نظریاتی: 3
سنی اتحاد کونسل: 1
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تحریک انصاف کے مقابلے میں اپوزیشن جماعتوں کے 45 کنفرم اراکین ہیں لہذا نئے وزیر اعلی کے لیے انہیں 73 کا نمبر حاصل کرنا ہوگا یعنی 45+28=73۔
بعض سرکاری حلقوں کا کہنا ہے کہ 28 یا تیس اراکین کی حمایت حاصل کرنا کوئی زیادہ بڑا مسئلہ نہیں ہوسکتا ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف قوانین میں ترامیم بھی گذشتہ دنوں کی گئی ہیں جس کا سیاسی مبصرین کے مطابق صوبے کے سیاسی منظرنامے پر اثر پڑ سکتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے گذشتہ دنوں ایک آرڈیننس منظور کیا ہے جس میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین سے کچھ مراعات واپس لے لیے ہیں۔ ان میں سے ایک شق یہ ہٹائی گئی ہے کہ اسمبلی رکن کو سپیکر کے اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح سپیکر چیمبر میں کسی غیر مجاز شخص کی داخلے پر پہلے پابندی تھی لیکن اب اس شق کو نئے آرڈیننس میں ترمیم کر کے ہٹایا گیا ہے۔
اسمبلی اراکین سے مراعات واپس لینے کے حوالے سے ثمر ہارون بلور نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ پی ٹی آئی نے وفاق کے ساتھ اور ریاست کے ساتھ ٹکراؤ کے لیے یہ شقیں قانون میں شامل کیے تھے جس کو اب ہٹایا گیا ہے۔ ’اب ایک شق یہ بھی تھا کہ چاہے جو بھی جرم ہو لیکن رکن اسمبلی کو سپیکر کی مرضی کے بغیر گرفتار نہیں کی جا سکتا جبکہ یہ استثنی صرف گورنر اور صدر کو تھی، تو ایسے شقیں ہٹائی گئی ہیں۔ ‘
ثمر بلور کے مطابق جو شخصی اور بیڈ فیتھ میں شقیں شامل کیے گئے تھے کیونکہ پی ٹی آئی کو پتہ تھا کہ وہ یہ غلطی کریں گے، تو وہی شقیں قانون سے ہٹائئ گئی ہیں۔
نمبر 3: اسمبلی تحلیل
اگر پہلی اور دوسری آپشن کارگر ثابت نہ ہونے کی صورت میں صوبائی اسمبلی تحلیل کرکے نئے انتخابات بھی ایک مضبوط آپشن دستیاب ہے۔ تاہم فی الحال نئے صوبوں کی بحث میں خیبر پختونخوا میں سیاسی حل پر کوئی بڑی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آ رہی ہے۔
پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ عمران خان کی ہدایت کے بغیر کسی بھی تبدیلی کا امکان نہیں ہے کیونکہ اس تبدیلی کی پہلے بھی مسلم لیگ ن نے کوششیں کی ہیں۔ ’اس سے پہلے سینیٹ انتخابات اور بعد میں مختلف انتخابات میں بھی پی ایم ایل کہتی رہی ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین ٹوٹ گئے ہیں لیکن ایسا کچھ بھی نہ ہو سکا اور پی ٹی آئی کے اراکین اب بھی کھڑے ہیں۔ ‘
انہوں نے اعتراف کیا کہ پی ٹی آئی سے ایک غلطی یہ ہوئی کہ انہوں نے فوج مخالف پالیسی اپنائی۔ ’یہ پارٹی پالیسی نہیں تھی لیکن سوشل میڈیا پر بیٹھے لوگوں نے اس پالیسی کو ہوا دی تھی اور اس پر پارٹی خاموش رہی۔‘
سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ ’عمران خان نے ہمیشہ یہ ہی کہا تھا کہ یہ فوج ہماری فوج ہے اور جب یہ مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا لیکن ہماری پارٹی میں پتہ نہیں یہ پالیسی کہاں سے آگئی تھی۔ تین سال ہم نے مزاحمت کی اور اس کا ایک فیصد فائدہ بھی پارٹی یا عمران خان کو نہیں ملا جبکہ ہم نے بہت اچھے مواقع بھی ضائع کیے۔‘
صوبے کے سیاسی مستقبل کے سوال پر شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ’اسی مزاحمت کی وجہ سے ہمارے لیے سیاسی سپیس ختم ہوگئی جسے دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ہمیں مذاکرات کرنے چاہیے جس کے لیے پارلیمنٹ بہتر ذریعہ ہے جہاں ایشو ٹو ایشو بات کی جائے۔ ‘
صوبے میں کسی ان ہاؤس تبدیلی یا مستقبل کے حوالے سے بظاہر کوئی زیادہ ہلچل دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ صوبائی انتظامیہ بھی انتظامی امور پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ پی ایم ایل کی رہنما اور گورنر کی مشیر برائے اطلاعات ثمر ہارون بلور نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ابھی گورنر راج چل رہا ہے اور اس سے انتظامی معاملات بہتر ہوگئے ہیں۔ ’بڑے اقدامات میں تجاوزات، غیر قانونی کان کنی کے خلاف آپریشن سمیت تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتر تبدیلیاں لائی گئیں۔‘
ثمر بلور نے صوبے میں سیاسی مستقبل کے حوالے سے کوئی واضح بات نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں 180 دن کا ٹارگٹ دیا گیا ہے اور ہم اپنے مقاصد حاصل کرنے کی جانب بہتر طریقے سے گامزن ہیں ’لیکن اس کے علاوہ اسلام آباد کے ایوانوں میں جو مستقبل کے فیصلے ہوں گے، تو اس پر ابھی میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔‘
سیاست اور امن و امان
خیبر پختونخوا میں امن و امان ایک پیچیدہ مسئلہ ہے اور اس صوبے میں گورنر راج لگنے کی وجہ بھی وفاقی حکومت نے امن و امان بتائی تھی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق صوبے کا سیاسی مستقبل یہاں کے امن و امان کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور امن و امان بہتر ہوگا، تو سیاسی ماحول بھی بہتر ہوگا۔
اس حوالے سے شوکت یوسفزئی نے الزام عائد کیا کہ امن و امان کے مسئلے کو بنیاد بنا کر وفاقی حکومت نے سازش کی اور ’ہماری حکومت ختم کر دی، حالانکہ ہم تو یہ ہی کہتے تھے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری جنگ ہے۔‘
امن و امان کے حوالے سے مشیر اطلاعات برائے گورنر کونسل ثمر بلور نے بتایا کہ صوبے میں گورنر راج کے بعد حالات قدرے بہتر ہوئے ہیں اور دہشت گرد کارروائیوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
طارق وحید پشاور کے سینیئر صحافی و تجزیہ کار ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ آئندہ چھ ماہ میں گورنر راج کے دوران اگر کچھ عوام کو ڈیلیور کیا گیا تو ٹھیک، ورنہ پھر عوامی حلقوں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے شاید مزاحمت سامنے آئے۔
انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ابھی دو ماہ پورے ہونے کو ہیں تو آئینی طور پر اس کو مزید چار ماہ کے لیے توسیع دی جا سکتی ہے لیکن گورنر راج میں گورنر کو ڈیلیور کرنا پڑے گا۔ ’جیسے ماضی میں پی ٹی آئی پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ کچھ ڈیلیور نہ کر پائی تو ابھی گورنر راج میں عوام کو کچھ دکھانا پڑے گا اور میرے خیال میں تب ہی گورنر راج کو حمایت مل سکتی ہے۔ ‘
جو اعدادوشمار سامنے آئے ہیں، تو ان کے مطابق گورنر راج لگنے کے بعد دہشت گرد کارروائیوں میں کمی تو دیکھی گئی ہے لیکن یہ کمی کتنی مستحکم ہو سکتی ہے، وہ مستقبل میں پتہ لگے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وفاق کے درمیان کوارڈینیشن کا جو فقدان تھا، وہ ختم ہوگیا ہے۔
ان ہاؤس تبدیلی کے حوالے سے طارق وحید نے بتایا کہ اگر گورنر راج زیادہ دیر نہ چلا تو مقتدر حلقوں کے ساتھ یہ ایک آپشن بھی موجود ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی لا کر وزیر اعلیٰ کو تبدیل کیا جائے۔
