اگر آپ نے گذشتہ چند برسوں میں لندن کی سڑکوں پر سفر کیا ہے تو غالب امکان ہے کہ آپ نے سائیکل سواروں کی بڑھتی تعداد کو محسوس کیا ہوگا۔
25 نومبر کو جاری ہونے والی ایک نئی رپورٹ میں ٹرانسپورٹ فار لندن (ٹی ایف ایل) کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں سائیکلنگ ‘ریکارڈ سطح’ تک پہنچ گئی ہے۔
’ٹریول اِن لندن‘ رپورٹ کے مطابق لندن کے شہری اب روزانہ سائیکل کے ذریعے 16 لاکھ سفر کر رہے ہیں۔
یہ 2019 کے مقابلے میں 58 فیصد اضافہ ہے، جو کووڈ-19 کی وبا کے اعداد و شمار پر اثر انداز ہونے سے پہلے کا آخری سال تھا۔
سالانہ 10 فیصد اضافہ
گذشتہ سال ٹرانسپورٹ فار لندن نے بتایا تھا کہ 2025 میں روزانہ 15 لاکھ سفر سائیکل کے ذریعے کیے گئے۔
یہ 2024 کے مقابلے میں 12.7 فیصد اضافہ تھا، جبکہ اب روزانہ سائیکل کے ذریعے ہونے والے سفروں میں سالانہ بنیادوں پر مزید 10.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اس اضافے کا مطلب ہے کہ دارالحکومت نے 2030 تک روزانہ 16 لاکھ سائیکل سفر کا ٹی ایف ایل کا ہدف ‘غیر معمولی’ طور پر چار سال پہلے ہی عبور کر لیا ہے۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور لندن کے میئر صادق خان نے 2035 تک روزانہ سائیکل کے ذریعے 24 لاکھ سفر کا نیا ہدف مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ٹرانسپورٹ فار لندن کے مطابق سائیکلنگ میں اضافے کی ایک وجہ لندن کا ‘سٹریٹیجک سائیکلنگ نیٹ ورک’ ہے۔
یہ نیٹ ورک پھیل کر 450 کلومیٹر سے زیادہ ہو چکا ہے اور اب کہا جاتا ہے کہ لندن کے 30 فیصد شہری ان سائیکلنگ راستوں سے 400 میٹر کے اندر رہتے ہیں۔
ٹرانسپورٹ فار لندن نے لندن کے مختلف مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ‘سائیکل وے’ نیٹ ورک کو بھی وسعت دی ہے۔
اس کا کہنا ہے کہ وہ ’2030 تک لندن کے 40 فیصد شہریوں کو سائیکل وے سے 400 میٹر کے فاصلے کے اندر رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے میئر کے ہدف کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے۔‘
صادق خان کا کہنا ہے کہ انہیں ’فخر‘ ہے کہ لندن نے 2030 کے لیے مقرر اپنا سابقہ ہدف طے شدہ وقت سے چار سال پہلے حاصل کر لیا۔
’ان لوگوں کے دعوؤں کے برعکس جو آپ کو اس کے برعکس یقین دلانا چاہتے ہیں، یہ اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ اگر آپ اعلی معیار کا سائیکلنگ انفراسٹرکچر تعمیر کریں گے تو لوگ اسے استعمال کریں گے اور خاموش اکثریت بھی اس کی حمایت کرے گی۔‘
خوشی کے ساتھ تنقید بھی
اگرچہ ٹی ایف ایل اور میئر نے سائیکلنگ میں اضافے کا خیرمقدم کیا ہے، تاہم لندن کے سائیکل سوار تنقید سے بھی محفوظ نہیں رہے۔
سٹی آف لندن پولیس نے انکشاف کیا کہ اپریل 2025 سے مارچ 2026 کے درمیان ریڈ لائٹ سگنل کی خلاف ورزی کرنے والے سائیکل سواروں کو جاری کیے گئے مقررہ جرمانے کے نوٹسز کی تعداد اس سے پہلے کے 12 ماہ کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ رہی۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اس نے تقریباً روزانہ ایک غیر قانونی الیکٹرک سائیکل ضبط کی۔
پولیس نے اکتوبر میں سرخ لائٹ کی خلاف ورزی کرنے والے سائیکل سواروں کے لیے ’سِن بِن‘ نامی اقدام بھی شروع کیا۔
سرخ بتی پر گزرنے والے کسی بھی سائیکل سوار کو جرمانہ ادا کرنے کی بجائے سڑکوں پر حفاظت سے متعلق ایک فلم دیکھنے کا موقع دیا گیا۔
سٹی آف لندن کارپوریشن نے اس سے قبل کہا تھا کہ علاقے میں 2022 سے 2024 کے درمیان سائیکلنگ میں 50 فیصد اضافہ ہوا، جس کی جزوی وجہ ڈاکنگ سٹیشن کے بغیر کرائے پر دستیاب سائیکلوں کی مقبولیت تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آکسفورڈ سٹریٹ کے ایک حصے کو پیدل چلنے والوں کے لیے مختص کرنے کے اقدام پر بھی تشویش سامنے آئی کیونکہ ایسی اطلاعات تھیں کہ سائیکل سوار گیٹ اور رکاوٹوں سے گزر کر اس علاقے میں داخل ہو رہے ہیں۔
لندن سائیکلنگ کمپین کا کہنا تھا کہ آکسفورڈ سٹریٹ کے متوازی سائیکلنگ کے راستے ہونے چاہییں۔ تاہم تنظیم نے اس علاقے کو پیدل چلنے والوں کے لیے مختص کرنے کو ویسٹ اینڈ میں موٹر گاڑیوں سے جگہ واپس لینے کی کوششوں میں ایک ’بڑی کامیابی‘ قرار دیا۔
مئی میں ٹرانسپورٹ فار لندن نے بتایا تھا کہ 2025 میں لندن کی سڑکوں پر سائیکل چلاتے ہوئے چھ افراد مارے گئے۔
اس سے کم اموات صرف 2019 میں ریکارڈ کی گئی تھیں، جب دارالحکومت میں سائیکل چلاتے ہوئے پانچ افراد نے جان کھوئی۔ 2024 میں یہ تعداد نو تھی۔
ٹرانسپورٹ فار لندن نے اس بات پر زور دیا کہ سائیکلنگ میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے 2025 کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’سائیکل چلاتے ہوئے لوگوں کے موت کا مجموعی خطرہ کم ہوا ہے۔‘