’انتہائی مشکل مذاکرات‘ کے بعد کرتار پور راہداری معاہدے پر دستخط

ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل کے مطابق بھارت سے کرتارپور راہداری کے معاملے پر مذاکرات انتہائی مشکل رہے، لیکن بالآخر دستخط ہو گئے۔

(ریڈیو پاکستان)

جمعرات کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتار پور راہداری معاہدے پر دستخط ہوئے جس میں پاکستان کی جانب سے ترجمان دفتر خارجہ اور ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے دستخط کیے، جب کہ بھارت کی نمائندگی وزارت امور خارجہ کے جوائنٹ سیکریٹری اور مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ایس سی ایل داس نے کی۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ کے مطابق اس معاہدے کے تحت روزانہ پانچ ہزار سکھ یاتری بغیر ویزا گوردوارہ کرتار پور صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں گے۔ معاہدے کے مطابق یاتریوں کو صرف اپنا پاسپورٹ دکھانا ہو گا۔ یاتری صرف گرودوارہ صاحب جا سکیں گے اور انہیں اس سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

البتہ بھارت کو دس دن پہلے مطلع کرنا ہو گا کہ کتنے یاتری آئیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس موقعے پر ڈاکٹر محمد فیصل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویزا فیس کوئی نہیں البتہ سروس چارجز 20 ڈالر رکھے گئے ہیں۔ اس معاملے پر بھارت سے مذاکرات انتہائی مشکل رہے۔

پاکستان کی جانب سے 20 ڈالر فیس لینے کے معاملے پر انڈیا میں خاصی تنقید کی گئی ہے۔ بھارت کی وزیرِ خوراک ہری سمرت کور بادل نے ٹویٹ کے ذریعے اس کو ’جزیہ ٹیکس‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ شرم ناک بات ہے کہ پاکستان نے نیکی پر منافعے کو ترجیح دی ہے۔ یہ سکھوں کے جذبات کی توہین ہے۔‘

متعین کردہ تعداد میں انفرادی یا گروپ کی شکل میں یاتری پیدل یا سواری کے ذریعے صبح سے شام تک سال بھر ناروال کرتارپور آ سکیں گے۔ البتہ سرکاری تعطیلات اور کسی ہنگامی صورت حال میں یہ سہولت میسر نہیں ہو گی اور ایسی کسی بھی صورت حال کے بارے میں پاکستان بھارت کو پیشگی آگاہ کرے گا۔

کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد گذشتہ سال رکھا گیا تھا۔ اس کا افتتاح نو نومبر کو عمران خان کریں گے۔ توقع ہے کہ بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی بھی اس میں شرکت کریں گے۔ بعض حلقوں نے قیاس آرائی کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتِ حال کے باوجود اس موقعے پر دونوں وزرائے اعظم کے درمیان مصافحہ بھی ممکن ہے۔ 

اس کے لیے علاوہ سابق بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ بھی تقریب میں حصہ لیں گے۔

تقریب کا افتتاح سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرونانک کی 550 ویں یوم پیدائش پر تقریبات سے پہلے ہو جائے گا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان