پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کا پہلا ایک روزہ مقابلہ آج

بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شامل قومی خواتین سکواڈ میں تین تبدیلیاں، میچز 2 اور 4 نومبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے

دونوں ایک روزہ میچوں میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت بسمعہ معروف کریں گی جبکہ سدرہ نواز وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گی (پی سی بی)

تین میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز میں کلین سوئیپ کے بعد قومی ویمنز کرکٹ ٹیم آج سےبنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز کا آغاز کرے گی۔ سیریز کا پہلا میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

یہ میچز آئندہ ماہ ملائشیا میں انگلینڈ کے خلاف سیریز سے  قبل قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی تیاریوں میں معاون ثابت ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریزآئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

آٹھ ٹیموں پر مشتمل چیمپئن شپ میں پاکستان فی الحال پانچویں نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کے خلاف کامیابی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ میں شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ 2021میں براہ راست رسائی ممکن بنائے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری بار ایک روزہ میچ گذشتہ سال اکتوبر میں کھیلا گیا، جہاں میزبان بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کل 8 میچز کھیلے جاچکے ہیں جس میں 5 پاکستان اور 3 بنگلہ دیش نے جیتے۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان اس سے قبل کیا ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کی خواتین ٹیموں کے درمیان دو ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز 2 سے 4 نومبر تک قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلی جائے گی۔

بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز اور اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں قومی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ایک روزہ سکواڈ کو حتمی شکل دی گئی۔

چیف سلیکٹر کی سربراہی میں کام کرنے والی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی تین رکنی سلیکشن کمیٹی میں اسماویہ اقبال اور مرینہ اقبال شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف کلین سوئیپ کرنے والی 15 رکنی قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عائشہ ظفر، انعم امین اور صباء نذیرکی جگہ نشرہ سندھو، سیدہ عروب شاہ اور فاطمہ ثناء کو شامل کر لیا گیا ہے۔ تینوں کرکٹرز سری لنکا میں منعقدہ اے سی سی ویمنز ٹیمز ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی تھیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والی سپنر سعدیہ اقبال کو ایک روزہ سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے تین میچوں میں چار وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

دونوں ایک روزہ میچوں میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت بسمعہ معروف کریں گی جبکہ سدرہ نواز وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیں گی۔

ایک روزہ سکواڈ

بسمعہ معروف(کپتان)، عالیہ ریاض، سدرہ نواز، ناہیدہ خان، ڈیانا بیگ، جویریہ خان، سدرہ امین، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، ارم جاوید،ثناء میر، فاطمہ ثناء، سعدیہ اقبال، کائنات امتیاز اور سیدہ عروب شاہ۔

ٹیم منیجمنٹ:

 اقبال امام (عبوری ہیڈ کوچ)، اقبال احمد عامر (فیلڈنگ کوچ)، عائشہ جلیل (منیجر)، جمال حسین(ٹرینر)، ڈاکٹر رفعت اصغر گل( فزیو تھراپسٹ)اور زبیر احمد( اینالسٹ)۔

شیڈول

2نومبر : پہلا ایک روزہ میچ بمقام قذافی سٹیڈیم لاہور

4نومبر: دوسراایک روزہ میچ بمقام قذافی سٹیڈیم لاہور

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ